پی ایس ایل 6 کے بقیہ میچز کیلئے ڈرافٹ آئندہ ہفتے ہو گا

پی ایس ایل 6 کے بقیہ میچز کیلئے ڈرافٹ آئندہ ہفتے ہو گا
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 6 کے بقیہ میچز کیلئے ڈرافٹ آئندہ ہفتے کے دوران ہو گا اور فرنچائزز کو ڈرافٹ کیلئے 130 غیر ملکی کھلاڑیوں کی فہرست فرنچائزز کو مہیا کر دی گئی ہے۔ 
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کے باقی میچز کیلئے صف اول کے کھلاڑی مکمل طور پر دستیاب نہیں ہیں جبکہ بہت سے کھلاڑی صرف کچھ حصے کیلئے دستیاب ہیں اس لئے معروف اور اہم انٹرنیشنل کرکٹرز کی عدم دستیابی فرنچائزز کیلئے بھی پریشانی کا باعث بن گئی ہے۔ 
پی ایس ایل کے ابتدائی میچز کھیلنے والے انگلینڈ کے کرکٹرز اب دستیاب نہیں ہیں جبکہ آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کے جو کھلاڑی دستیاب ہیں، ان میں صف اول کے نام شامل نہیں ہیں، سری لنکا، بنگلہ دیش، افغانستان اور ویسٹ انڈیز کے بھی کھلاڑی دستیاب ہیں۔
بنگلہ دیش کے شکیب الحسن اورتمیم اقبال بھی فہرست میں شامل ہیں، نیوزی لینڈ کے مارٹن گپٹل پی ایس ایل کیلئے دستیاب ہوں گے، اینڈرے رسل نے چند میچز کیلئے دستیابی ظاہرکی ہے جبکہ عثمان خواجہ، ایڈم ملنے، جیمز فالکنر، جو برنز اور مورنی مورکل بھی ڈارفٹ کا حصہ ہیں۔ 
پلاٹینم اور ڈائمنڈ کیٹیگری میں بڑے غیر ملکی کھلاڑیوں کی عدم دستیابی سے فرنچائزز کو اپنے مضبوط کمبی نیشن بنانے میں مشکل پیش آرہی ہے، پی ایس ایل کے ابتدائی میچز کھیلنے والے بعض غیر ملکی کرکٹرز اب بھارتی لیگ میں مصروف ہیں، پی ایس ایل کے باقی میچز یکم سے 20 جون تک کراچی میں کھیلے جائیں گے جبکہ کھلاڑیوں کا قرنطینہ 22 مئی سے شروع ہو گا۔