کالعدم تنظیموں پر قربانی کی کھالیں جمع کرنیکی پابندی عائد

کالعدم تنظیموں پر قربانی کی کھالیں جمع کرنیکی پابندی عائد

اسلام آباد:وزارتِ داخلہ نے پاکستان بھر میں قربانی کی کھالیں جمع کرنے پر پابندی عائد کر دی اور اس سلسلے میں جن 65 کالعدم تنظیموں کی فہرست بھی جاری کر دی گئی ہے۔اس فہرست کے مطابق لشکر جھنگوی، سپاہ صحابہ پاکستان، لشکر طیبہ پاکستان، بلوچستان نیشنل لبریشن آرمی اور رابطہ ٹرسٹ سمیت 65 کالعدم تنظیموں پر کھالیں جمع کرنے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔صرف وہ تنظیمں کھالیں جمع کر سکیں گی جنہیں ڈپٹی کمشنر کی جانب سے این او سی جاری ہوگا۔عیدالاضحی کے تینوں ایام میں اجازت نامہ حاصل کرنے والی تنظیموں پر یہ لازم ہوگا کہ ان کے رضا کار کھالیں جمع کرنے کے موقع پر اپنا اصل قومی شناختی کارڈ متعلقہ ادارے یا تنظیم کا کارڈ اور محکمہ داخلہ یا ڈپٹی کمشنر کاجاری کردہ اجازت نامہ اپنے ہمراہ رکھیں۔
وفاقی حکومت کی جانب سے کہا گیا کہ عید الضحیٰ کے موقع پر کھالیں جمع کرنے والوں کی مکمل مانیٹرنگ ہوگی اور زبردستی کھالیں جمع کرنے والوں کے خلاف ’دہشت گردی ایکٹ‘ کے تحت مقدمات درج کیے جائیں گے۔حکومتی بیان میں مزید کہا گیا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت ملک میں کالعدم تنظیموں کی مالی معاونت روکنے سمیت مختلف نکات پر کام کیا جارہا ہے۔