عائشہ گلالئی کے اس خطاب کے بعد خواجہ سرا کمیونٹی آگ بگولہ ہوگئی

عائشہ گلالئی کے اس خطاب کے بعد خواجہ سرا کمیونٹی آگ بگولہ ہوگئی

اسلام آباد: عائشہ گلالئی جوش خطابت میں اکثر ایسے الفاظ بول جاتی ہیں جن سے وہ خود بھی کسی حد تک لا علم ہوتی ہیں۔

گذشتہ دنوں قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کیا جو مرد اپنی خواتین کو عمران خان کے جلسے میں لے کر آتے ہیں عمران خان نے انہیں ”ہیجڑا“ سمجھ رکھا ہے۔ عائشہ گلالئی کے اس خطاب کے بعد خواجہ سرا کمیونٹی آگ بگولہ ہوگئی ہے اور انہوں نے ممبر قومی اسمبلی کے خلاف احتجاج کرنے کی دھمکی دے دی ہے۔
اس کے علاوہ انھوں نے چیئرمین تحریک انصاف پر الزام عائد کیا کہ وہ اپنی تقریرمیں عورتوں کو مخاطب کرتے ہوئے ”میری خواتین“ کا لفظ استعمال کرتے ہیں جبکہ جہانگیر ترین اور شاہ محمود قریشی میری بہنو! اور میری بیٹیو ! کہہ کر خواتین کو مخاطب کرتے ہیں۔
خواجہ سرا اتحادکی جانب سے جاری بیان میں ممبر قومی اسمبلی عائشہ گلالئی سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اپنے اس بیان پر نظر ثانی کریں اور معافی مانگیں ورنہ ہم ان کے گھر کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کریں گے۔خواجہ سرا اتحاد کا مزید کہنا تھا کہ ممبر قومی اسمبلی کو اپنے بیان پر شرم آنی چاہیے انہیں کوئی حق نہیں پہنچتا کہ وہ کسی مخصوص جنس کو اس کی جنسی خصوصیات، طور اطوار اور دیگر معاملات پر تنقید کا نشانہ بنائیں۔