وزیراعظم عمران خان نے آج وفاقی کابینہ کا اجلاس طلب کرلیا،وزارت خارجہ کا بھی دورہ کریں گے

وزیراعظم عمران خان نے آج وفاقی کابینہ کا اجلاس طلب کرلیا،وزارت خارجہ کا بھی دورہ کریں گے
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد:پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے آج وفاقی کابینہ کا اجلاس طلب کرلیا ہے جبکہ وہ وزارت خارجہ کا بھی دورہ کریں گے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزرا ءکو حلقوں سے اسلام آباد پہنچنے کا حکم دیتے ہوئے کابینہ اجلاس میں شرکت یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔کابینہ اجلاس میں جہاں حکومت کے ابتدائی 100 دن کے ایکشن پلان پرعملدرآمد کی حکمت عملی کاجائزہ لیا جائے گا وہیں عمران خان خارجہ پالیسی پربھی بات کریں گے۔

کابینہ اجلاس میں وزیراعظم کو ملک میں سکیورٹی انتظامات پرخصوصی بریفنگ دی جائے گی۔ وزارت کیپیٹل ایڈمنسٹریشن اینڈ ڈویلپمنٹ ڈویژن (کیڈ)کو ختم کرنے کی منظوری بھی دی جاسکتی ہے، وزارت کیڈ کے اداروں کو کابینہ ڈویژن کے ماتحت کر دیا جائے گا، ان اداروں کو مشیر برائے پارلیمانی امور بابر اعوان کے سپرد کیا جاسکتا ہے۔


وفاقی کابینہ کے اجلاس سے قبل وزیراعظم وزارت خارجہ کا دورہ بھی کریں گے جہاں انہیں بھارت، افغانستان، ایران، امریکہ ، چین اور سعودی عرب کے ساتھ تعلقات پربریفنگ دی جائے گی۔وزیراعظم کو بھارت کے ساتھ تنازعات، مسئلہ کشمیر، کنٹرول لائن اور ورکنگ باؤنڈری پر کشیدگی کی صورت حال سے آگاہ کیا جائے گا۔

عمران خان خارجہ پالیسی کے حوالےسے گائیڈلائنز بھی دیں گے۔کابینہ اجلاس کے بعد وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی شام ساڑھے 4 بجے پریس کانفرنس میں وزیراعظم کی گائیڈلائنز کی روشنی میں خارجہ پالیسی کا احاطہ کریں گے۔