وزیراعظم عمران خان سے ٹیلیفونک گفتگو،پاکستان نے امریکہ محکمہ خارجہ کا بیان مسترد کردیا

10:40 AM, 24 Aug, 2018

اسلام آباد: پاکستان نے وزیراعظم عمران خان اور امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کے درمیان ہونے والی ٹیلی فونک گفتگو سے متعلق جاری کردہ امریکی بیان کو حقائق کے منافی قرار دےکر مسترد کردیا ۔

دفتر خارجہ نے امریکی وزیر خارجہ اور وزیر اعظم عمران خان کے درمیان گفتگو میں دہشت گردی کے موضوع پر کی گئی بات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی محکمہ خارجہ حقائق کے منافی بات نہ کرے۔

ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو اور وزیر اعظم عمران خان کے درمیان ٹیلی فونک گفتگو ہوئی ہے تاہم دونوں کی گفتگو میں دہشت گردوں کی پاکستان میں موجودگی کی بات نہیں ہوئی اس حوالے سے امریکی وزارت خارجہ کا بیان حقائق کے برعکس ہے، اس بیان کی تصحیح کی جائے۔


واضح رہے کہ امریکی دفتر خارجہ کی ترجمان ہیدر نورٹ نے دونوں رہنماؤں کی ٹیلی فونک گفتگو کے بعد بیان جاری کیا کہ مائیک پومپیو نے عمران خان سے بات چیت کے دوران پاکستان میں دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کو امریکی وزیر خارجہ کی ٹیلی فون کال کا تنازع شدت اختیار کرگیا اور امریکہ کا کہنا ہے کہ وہ مائیک پومپیو اور پاکستانی وزیراعظم کی بات چیت سے متعلق اپنے موقف پر قائم ہے۔

خیال رہے کہ میڈیا رپورٹس کے مطابق مائیک پومپیو دورہ بھارت سے قبل 5 ستمبر کو پاکستان آئیں گے جہاں وہ وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کریں گے تاہم سرکاری طور پر اب تک اس حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔

مزیدخبریں