پاکستان کی بیرونی قرض ادا کرنے کی صلاحیت میں کمزوری کا خدشہ ہے:موڈیز

پاکستان کی بیرونی قرض ادا کرنے کی صلاحیت میں کمزوری کا خدشہ ہے:موڈیز
کیپشن: Image by Hürriyet Daily News

نیویارک:بین الاقوامی ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے پاکستان کی بیرونی قرض ادا کرنے کی صلاحیت میں کمزوری کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے سرمایہ کاری میں اضافہ ناگزیر قرار دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق موڈیز کی جانب سے پاکستانی معیشت پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ پاکستان کی بیرونی قرض ادا کرنے کی صلاحیت مزید کمزور ہوسکتی ہے، سرمایہ کاری کی ضروریات پورا کرنے کے لیے درآمدات بڑھی ہیں، سی پیک میں بھاری سرمایہ کاری اضافی درآمدات کا سبب ہے۔

موڈیز کے مطابق رواں سال جاری خسارہ 4.8 فیصد رہنے کی توقعات ہیں، بیرونی قرضوں کی ادائیگی کے لیے زرمبادلہ ذخائر تسلی بخش ہیں تاہم پاکستان میں سرمایہ کاری میں اضافہ ناگزیر ہے۔موڈیز کا کہنا ہے کہ زرمبادلہ ذخائر میں اضافہ آئی ایم ایف پروگرام سمیت دوسرے ذرائع سے ممکن ہے، زرمبادلہ ذخائر میں مزید کمی کے شدید خدشات ہیں۔

موڈیز کے مطابق حکومت کا ایک تہائی قرض غیر ملکی کرنسی میں ہے، روپے کی قدر میں کمی سے مہنگائی بڑھ سکتی ہے، شرح سود بڑھا کر قرضوں کی لاگت فوری بڑھانا ہوگی، شرح سود بڑھانے سے حکومت کی نازک مالیاتی صورتحال مزید خراب ہوگی، قرضوں کی لاگت بڑھنے سے ان کی ادائیگی کی اہلیت مخدوش سے مخدوش تر ہوگی۔