صدارتی انتخاب : مسلم لیگ ن نے اعتزاز احسن کو ووٹ دینے کیلئے شرط رکھ دی

 صدارتی انتخاب : مسلم لیگ ن نے اعتزاز احسن کو ووٹ دینے کیلئے شرط رکھ دی
کیپشن: فوٹو: فائل

راولپنڈی: مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر پرویز رشید کا کہنا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے نامزد کردہ سینیٹر اعتزاز احسن جیل آکر سابق وزیراعظم نواز شریف سے معافی مانگیں تو صدارتی انتخاب میں ان کے نام پر غور کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل آمد کے موقع پر پرویز رشید سے سوال کیا گیا کہ کیا مسلم لیگ (ن) اعتزاز احسن کی بطور صدر نامزدگی کی حمایت کرے گی؟جس پر پرویز رشید نے جواب دیا کہ اعتزاز احسن اڈیالہ جیل آکر نواز شریف سے اپنے الفاظ کی معافی مانگیں، جس دن وہ معافی مانگ لیں گے، ا±س دن اس بات پر غور کیا جائے گا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) نے صدارتی امیدوار کا تاحال فیصلہ نہیں کیا، اتحادی جماعتوں سے صدر کے نام پر مشاورت جاری ہے۔لیگی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ کسی شخص کو ا±س کی آزادی سے محروم کردینا سب سے بڑی ناانصافی ہے اور نواز شریف، ان کی صاحبزدای مریم نواز، داماد کیپٹن (ر) صفدر اور ساتھیوں حنیف عباسی اور انجینئر قمر الاسلام کے ساتھ ناانصافی ہوچکی ہے، جنہیں ان کی آزادی سے محروم کردیا گیا ہے۔پرویز رشید کا مزید کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کے تمام کارکن اپنے ساتھیوں کی آزادی کی کوشش کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ 4 ستمبر کو ہونے والے صدارتی انتخاب کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے اعتزاز احسن کو امیدوار نامزد کیا گیا ہے، تاہم مسلم لیگ (ن) نے ان کی نامزدگی کو مسترد کردیا تھا۔