لاہور: احسن اقبال نے کہاہے کہ پی ٹی آئی نےبلدیاتی اداروں کو ختم کر کے جمہوریت دشمنی کا ثبوت دیاگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ، پاکستان مسلم لیگ ن کے سینیئر نائب صدر احسن اقبال نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ بلدیاتی اداروں کو ختم کرکے پی ٹی آئی حکومت نے ن لیگ اور پنجاب سےدشمنی کی ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ دس مہینوں میں ہر محکمہ کا سیکرٹری تبدیل کیا جا رہا ہے۔ پورے صوبے میں جرائم میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ، امید ہے عدلیہ تعطیلات کے بعد بلدیاتی اداروں کو بحال کرے گی ۔
لیگی رہنما نے کہا کہ یہ کام اگر ن لیگ نے کیا ہوتا تو دو دن بعد عدالتی حکم سے ادارے بحال ہو چکے ہوتے۔رول آف لاء کو بحال کرنا چاہیے تاکہ عدلیہ پر عوام کا اعتماد بحال ہو۔
مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ بلدیاتی نمائندوں کی جگہ ایڈمنسٹریٹر لگا دئیے گئے ہیں جو عوام کی نہیں سنتے نہ ہی ان کو عوامی مسائل سے آگہی ہے۔
احسن اقبال نے حکمران جماعت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف نے پنجاب کو انتقامی سیاست کا نشانہ بنایا ہوا ہے. بلدیاتی نمائندوں کا مینڈیٹ ختم کردیا گیاہے۔پاکستان کی باون فیصد آبادی کو بلدیاتی اداروں سے محروم کیا گیاہے۔