اسلام آباد :وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے مسئلہ کشمیر پر ٹیلی فونک گفتگو ہوئی ،سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گیترس نے کہا کہ وہ اس تشویشناک صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں اقوام متحدہ اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے مابین مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر گفتگو کی گئی،بھارت کے مقبوضہ جموں و کشمیر میں یکطرفہ اقدامات کے بعد خطے میں امن و امان کی مخدوش صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت نے گزشتہ بیس روز سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں مکمل لاک ڈاون کر رکھا ہے ذرائع مواصلات پر پابندی عائد ہے،انہوں نے کہا کہ بھارت کے مقبوضہ جموں و کشمیر میں اٹھائے گئے یکطرفہ اقدامات اقوام متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہیں.
وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو بتایا کہ راہول گاندھی کی قیادت میں بھارتی اپوزیشن کا وفد ، جب صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے سری نگر ائیرپورٹ پہنچا تو انہیں ائیرپورٹ سے واپس بھیج دیا گیا،انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی میڈیا اور انسانی حقوق کی تنظیموں کی طرف سے جو رپورٹس سامنے رہی ہیں وہ انتہائی تشویشناک ہیں۔ انسانی جان بچانے والی ادویات اور خوراک کی شدید قلت ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوتیرس اور انسانی حقوق سے متعلق نمائندے کشمیر کے حالات پر اظہارِ تشویش کرچکے ہیں،اقوام متحدہ نے بھارت سے مطالبہ کیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں معمولات زندگی کو بحال کیا جائے اور مقبوضہ وادی میں اظہار رائے کی آزادی کو یقینی بنایا جائے۔