نواز شریف وطن واپس آئے تو جیل جائیں گے،فواد چوہدری

نواز شریف وطن واپس آئے تو جیل جائیں گے،فواد چوہدری

اسلام آباد :وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ نواز شریف وطن واپس آکر جیل جائیں گے اور پہلے بھی یہیں پر تھے اور جیل میں سزاکاٹ رہے تھے،اب بھی وہ آئیں گے تو جیل جائیں گے۔

دوسری صورت میں وہ پلی بارگین کریں گے اور اپنے پیسے دیں گے۔ نواز شریف قانونی طور پر نااہل ہیں اور وہ الیکشن نہیں لڑ سکتے اور نہ پارٹی کے اندر کوئی سرگر می کر سکتے ہیں اور (ن)لیگ میں قیادت کا بحران برقراررہے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ کہ پہلی بات تو یہ ہے کہ نو ماہ بعد تو میاں محمد نواز شریف کو پاکستان واپس آہی جانا چاہئے اور دوسری بات یہ ہے کہ جس مقصد کے لئے وہ گئے تھے علاج کے لئے وہ مقصد  پورا ہو گیا ہے اوراب وہ با لکل ٹھیک ٹھاک ہیں.

ان کے اوپر الزامات ہیں اور ان کو سزا ہوئی ہوئی ہے اور انہوں نے سزا پوری کرنی ہے، دوسری صورت میں انہوں نے پاکستان کے عوام کے پیسے دینے ہیں جس کے بعد وہ لندن جائیں ، سوئٹزرلینڈ جائیں ہمارا ایشو نہیں رہ جاتا، یا وہ سزا پوری کریں گے یا پیسے واپس کریں۔

ا نہوں نے کہا کہ جب نواز شریف بیرون ملک گئے تو اس وقت بیانیہ یہی تھا کہ اگر ان کو باہر نہ بھیجا گیا تو ان کی جان کو خطرہ ہے اور اگر حکومت نواز شریف کو باہر نہیں بھیجے گی تو وہ قاتل کہلائے گی، یہ ماحول تھا جس میں نواز شریف باہر گئے۔