مقبوضہ کشمیر کی جماعتوں نے بحالی تک لڑنے کا اعلان کر دیا، شاہ محمود قریشی

مقبوضہ کشمیر کی جماعتوں نے بحالی تک لڑنے کا اعلان کر دیا، شاہ محمود قریشی

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی 6 جماعتوں نے تشخص کی بحالی تک لڑنے کا اعلان کر دیا ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے وفاقی دارالحکومت میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا افغانستان میں امن عمل میں اہم کردار ہے جبکہ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی نے نئی کروٹ لے لی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں مقبوضہ کشمیر کے لیے آواز اٹھانے کے علاوہ ہر جگہ پر مقبوضہ کشمیر سے متعلق اپنا مؤقف پیش کیا۔ مقبوضہ کشمیر کی سیاسی جماعتوں نے 5 اگست کے فیصلے کی نفی کی۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں سیاسی معاملات زور پکڑتے جا رہے ہیں جبکہ مقبوضہ کشمیر میں آج بھی پابندیاں ہیں اور کشمیریوں کو مسائل کا سامنا ہے۔ مقبوضہ کشمیر کی معیشت برباد کر دی گئی ہے اور آج بھی ہزاروں کشمیری قید میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت مقبوضہ کشمیر میں سب اچھا ہے کی بات کر رہی ہے اگر سب اچھا ہے تو وہاں پر بین الاقوامی نمائندوں کو کیوں جانے نہیں دیا جا رہا ؟ اور مقبوضہ کشمیر میں سرمایہ کار کہاں سے آئیں گے جب ہر جگہ بند ہو گی۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت میں پاکستان اور چین کے درمیان اتحاد پر خوف نے جنم لیا ہے اور حال ہی میں پاک، چین اسٹریٹجک مذاکرات کا اہم دور ہوا جبکہ چین نے مسئلہ کشمیر پر اپنے مؤقف دوٹوک انداز میں دہرایا اور بھارت کے 5 اگست کے اقدامات کو یکطرفہ قرار دے کر مسترد کر دیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین مشترکہ انداز میں دوطرفہ تذویراتی مفادات کے حل کے لیے کام کریں گے اور پاکستان نے مقبوضہ جموں و کشمیر پر دنیا کو مسلسل آگاہ رکھا اور آگاہ کرتے رہیں گے۔