غیر ملکیوں کا انخلا، پی آئی اے کی کوئی پرواز آج بھی کابل نہیں جائے گی

غیر ملکیوں کا انخلا، پی آئی اے کی کوئی پرواز آج بھی کابل نہیں جائے گی
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: افغانستان میں طالبان کے کنٹرول کے بعد غیر ملکیوں کے انخلاءکیلئے پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائنز (پی آئی اے) کی کوئی پرواز آج بھی افغانستان نہیں جائے گی۔ 
افغانستان سے مقامی باشندوں اور غیر ملکیوں کے انخلاءکے عمل میں غیر معمولی تیزی دیکھنے میں آ رہی ہے مگر اس کے باوجود پی آئی اے کی پروازوں کو آج بھی کابل جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔ 
قومی ائیر لائن کی پرواز کو کابل جانے کی اجازت نہ ملنے کے باعث مختلف ممالک کی درخواست پر پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائنز کی جانب سے اعلان کردہ فلائٹ آپریشن معطل ہے اور آئندہ حکمت عملی کا اعلان بھی بعد میں کیا جائے گا۔ 
پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ ایچ اے خان کا کہنا ہے کہ منگل کو بھی پاکستان کی قومی ایئر لائن کا کابل کیلئے کوئی شیڈول نہیں ہے جبکہ مستقبل میں اس حوالے سے کوئی بھی فیصلہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے کیا جائے گا۔ 
یاد رہے کہ گزشتہ 10 روز کے دوران پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز کی جانب سے 5 خصوصی پروازیں کابل سے پاکستانی اور غیرملکی باشندوں کو اسلام آباد لاچکی ہیں جس پر مختلف ممالک نے پاکستان کا شکریہ بھی ادا کیا ہے۔ 
پی آئی اے ذرائع کے مطابق کابل کے حامد کرزئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کمرشل پروازوں کیلئے سہولتیں نہ ہونے کی وجہ سے پی آئی اے کو آپریشن کی اجازت نہیں دی جا رہی تاہم دوسری جانب امریکہ سمیت کئی ممالک کی ائیرفورس افغانستان سے انخلاءکا آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں۔