دوسرا ٹیسٹ میچ جیت کر سیریز برابر کرنے کی کوشش کریں گے: شاہین شاہ آفریدی

دوسرا ٹیسٹ میچ جیت کر سیریز برابر کرنے کی کوشش کریں گے: شاہین شاہ آفریدی
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

جمیکا: پاکستان کرکٹ ٹیم کے نوجوان فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی نے کہا ہے کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں فتح کیلئے اچھی اور نپی تلی باؤلنگ کرنا ہو گی، ہم سیریز برابر کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔ 
شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ میزبان ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرا ٹیسٹ میچ جیتنے کا اچھا موقع ہے اور ہماری کوشش بھی یہی ہے کہ میچ میں فتح حاصل کر کے ٹیسٹ سیریز برابر کریں مگر اس مقصد کے حصول کیلئے ہمیں اچھی اور نپی تلی باؤلنگ کر کے انہیں آؤٹ کرنا ہو گا۔ 
کنگسٹن میں کھیلے جارہے ٹیسٹ سیریز کے دوسرے میچ میں شاہین شاہ آفریدی نے انتہائی عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کیا اور میزبان ٹیم کے 6 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھا کر پاکستان کی پوزیشن مضبوط کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ 
چوتھے روز کا کھیل ختم ہونے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے شاہین شاہ نے کہاکہ ویسٹ انڈیز کو پہلی اننگز میں جلد آؤٹ کرنے میں ہر کھلاڑی نے بھرپور حصہ ڈالا ہے، کل میچ کا آخری مگر اہم دن ہے، ہم سیریز برابر کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں ہمیشہ سے یہی کہتا آیا ہوں کہ بیٹنگ کی طرح باؤلنگ میں بھی پارٹنرشپ کی ضرورت ہوتی ہے، پہلی اننگز میں محمد عباس، فہیم اشرف اور حسن علی نے زبردست باؤلنگ کی اور حریف ٹیم پر دباؤ ڈالے رکھا جس کے باعث میں 6 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہا۔ 
فاسٹ باؤلر کا کہنا تھا کہ کسی بھی میچ میں پانچ وکٹیں کرنا فخر کی بات ہوتی ہے اور مجھے بھی اپنی کارکردگی پر بہت خوشی ہے، میں ٹیسٹ کرکٹ میں آج اپنی بہترین باؤلنگ اپنے اہل خانہ کے نام کرتا ہوں اور آئندہ بھی ایسی کارکردگی کا سلسلہ برقرار رکھنے کی کوشش کروں گا۔