عمر اکمل نے کلب کرکٹ کھیلنا شروع کر دی

عمر اکمل نے کلب کرکٹ کھیلنا شروع کر دی
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بلے باز عمر اکمل نے کلب کرکٹ کھیلنا شروع کر دی ہے جو اپنے پہلے میچ میں صرف 5 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے تاہم ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کارکردگی کے ذریعے وہ قومی کرکٹ میں واپسی کیلئے پرعزم ہیں۔ 
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بحالی پروگرام کے تحت عمر اکمل کو کلب کرکٹ کھیلنے کی اجازت دی ہے جس کے باعث وہ میدان میں واپس آئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اپنی عمدہ کارکردگی کے ذریعے انٹرنیشنل کرکٹ میں کم بیک کرنا چاہتا ہوں اور سلیکشن حوالے سے پریشان ہونے کے بجائے صرف اپنی کارکردگی پر ہی توجہ دوں گا۔ 
عمر اکمل نے کہا کہ میں اب آگے بڑھنا چاہتا ہوں، میں ڈومیسٹک کرکٹ میں اپنی عمدہ کارکردگی دکھانے کی بھرپور کوشش کروں گا، قومی ٹیم میں کم بیک کرنا میری خواہش ہے البتہ منتخب کرنا یا نہ کرنا سلیکٹرز کا کام ہے، میرا کام صرف کارکردگی دکھانا ہے اور میں اس پر ہی توجہ دوں گا۔ 
انہوں نے دوبارہ کرکٹ کھیلنے کی اجازت دینے پر پی سی بی کا شکریہ بھی ادا کیا اور کہا کہ میں ماضی کو دیکھنے کے بجائے اپنے مستقبل کو دیکھوں گا۔ مشکل حالات میں بھی اپنی فٹنس پر توجہ دے رہا ہوں، میں مکمل طور پر فٹ اور میدان میں کارکردگی دکھانے کیلئے بالکل تیار ہوں۔