عرشی خان نے افغان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی سے منگنی نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا

Arshi Khan, engagement, Afghan cricket team player

نیو دہلی: افغانستان میں تیزی سے بدلتی صورتحال اور طالبان کے قبضے کے بعد بھارتی اداکارہ عرشی خان نے افغانستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی سے رواں برس ہونے والی منگنی ختم کر دی ۔

تفصیلات کے مطابق رئیلیٹی شو بگ باس سے شہرت حاصل کرنے والی عرشی خان نے افغانستان کرکٹ ٹیم سے رشتہ ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا ۔ اپنے ایک انٹرویو میں اداکارہ نے بتایا تھا کہ اُن کا تعلق افغانستان سے ہے ۔

انہوں نے یہ بھی بتایا تھا کہ افغان کرکٹ ٹیم میں میرے والد کے دوست کے بیٹے ہیں جن کی شادی میرے ساتھ ہونی تھی ۔ عرشی خان نے بتایا کہ دونوں کی منگنی اس سال اکتوبر میں ہونی تھی لیکن افغانستان پر طالبان کے قبضے کے بعد وہ اس رشتے کو آگے بڑھتا ہوا نہیں دیکھ رہیں ۔

اداکارہ نے اعتراف کیا کہ ہونے والے منگیتر اُن کے اچھے دوست تھے اور دونوں فون پر بات بھی کرتے تھے لیکن موجودہ حالات میں گھر والے اس رشتے کو لے کر کافی پریشان ہیں ، ممکن ہے وہ اس رشتے کو ختم کرکے میری شادی بھارت میں ہی کر دیں ۔