مونس الٰہی نے وزیر اعلی سندھ کے الزامات کو مسترد کر دیا

مونس الٰہی نے وزیر اعلی سندھ کے الزامات کو مسترد کر دیا
کیپشن: مونس الٰہی نے وزیر اعلی سندھ کے الزامات کو مسترد کر دیا
سورس: فائل فوٹو

لاہور: وفاقی وزیر برائے آبی وسائل مونس الٰہی نے وزیراعلیٰ سیّد مراد علی شاہ کے سندھ کو کم پانی دینے کے الزامات کو مسترد کر دیا۔

وفاقی وزیر برائے آبی وسائل نے الزامات پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ پنجاب پر بے بنیاد الزام لگانے کی بجائے سندھ میں پانی چوری روکیں۔ سندھ کو پنجاب کے مقابلے میں 35 فیصد کم پانی دینے کا الزام حقیقت کے بالکل برعکس ہے۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ کو کوئی پانی کے غلط اعداد و شمار بتا رہا ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے درخواست ہے وہ غلط اعدادوشمار مہیا کرنے والے ذرائع اہمیت نہ دیں۔ ارسا تمام صوبوں کے آبی مفادات کا یکساں محافظ ہے۔

مونس الٰہی نے کہا کہ آبی صورتحال میں بہتری کے بعد پنجاب کے کھیتوں کو اب بھی 4 فیصد کم جبکہ سندھ میں صفر فیصد پانی کی کمی ہے، حیران کن طور پر 2004ء سے 2019ء تک بڑے صوبہ پنجاب میں پانی کا نقصان اوسطاً صرف چار فیصد جبکہ سندھ میں 29 فیصد ریکارڈ ہوا۔