کراچی میں 28 اگست کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات ملتوی

کراچی میں 28 اگست کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات ملتوی

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے اندرون سندھ کے بعد کراچی میں بھی 28 اگست کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات ملتوی کر دئیے ہیں۔ 
تفصیلات کے مطابق کراچی سمیت اندرون سندھ کے بعض اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے تحت 28 اگست کو پولنگ ہونا تھی تاہم اندرون سندھ بارشوں اور سیلابی صورتحال کی وجہ سے الیکشن کمیشن نے گزشتہ روز آباد سمیت 9 اضلاع میں بلدیاتی الیکشن ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آج اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے ہیڈ آفس میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں کراچی میں بلدیاتی انتخابات کرانے سے متعلق اہم اجلاس ہوا جس میں شہر قائد کے موسم کی صورتحال اور بلدیاتی الیکشن کے امور کا جائزہ لیا گیا۔
 چیف الیکشن کمشنر نے کراچی میں 28 اگست کو بلدیاتی الیکشن کے انعقاد کیلئے رپورٹ طلب کی اور سیکرٹری الیکشن کمیشن کو 6 اہم اداروں سے فوری رپورٹ لینے کی ہدایت کرنے کے علاوہ سیکرٹری داخلہ، چیف سیکرٹری، آئی جی اور ڈی جی رینجرز سے رپورٹ لینے کی ہدایت بھی کی تھی۔ 
ذرائع کا کہنا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر نے صوبائی الیکشن کمشنر اور محکمہ موسمیات سے بھی رپورٹ لینے کی ہدایت کی جس میں شہر میں موسم کی صورتحال سے آگاہی طلب کی گئی تھی۔
ذرائع کے مطابق پاک فوج، رینجرز، پولیس اور دیگر ادارے دیہی سندھ میں امدادی کاموں میں مصروف ہیں جس کے باعث پولنگ کی وجہ سے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کام کے متاثر ہونے پر بھی رپورٹ طلب کی گئی تھی۔ 
ذرائع کا کہنا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر کی جانب سے رپورٹ طلب کئے جانے پر سیکرٹری الیکشن کمیشن نے انہیں رپورٹ پیش کی جس کی بناءپر کراچی میں بھی 28 اگست کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات کو ملتوی کردیا گیا ہے۔

مصنف کے بارے میں