قطر کا پاکستان میں 3 ارب ڈالر کی فوری سرمایہ کاری کا اعلان

قطر کا پاکستان میں 3 ارب ڈالر کی فوری سرمایہ کاری کا اعلان

اسلام آباد: قطر نے وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ کے موقع پر پاکستانی معیشت کے اہم شعبوں میں 3 ارب ڈالر کی فوری سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق قطری اخبار میں شائع رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ قطرکی سرمایہ کار اتھارٹی نے اعلان کیا ہے کہ وہ پاکستانی معیشت کے اہم شعبوں میں 3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ 
اخبار کے مطابق اس بات کا اعلان وزیراعظم شہباز شریف اور امیر قطر کے درمیان آج ہونے والی ملاقات کے موقع پرکیا گیا جبکہ قطر کی سرمایہ کار اتھارٹی کم سے کم وقت میں سرمایہ کاری کو یقینی بنائے گی۔ 
دوسری جانب ذرائع کے مطابق قطرپاکستان میں مختلف شعبوں میں 3ارب ڈالر کی فوری سرمایہ کاری کرے گا جبکہ اس نے کراچی اور اسلام آباد ائیرپورٹس پر سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ 
واضح رہے کہ آج وزیراعظم شہباز شریف نے دوحہ میں امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ملاقات کی اور اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ بھی موجود تھے جبکہ ملاقات میں دو طرفہ اور باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی گئی۔ 
وزیراعظم شہباز شریف اور امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا اور بعد ازاں وزیر اعظم نے امیر قطر کے والد شیخ حمد بن خلیفہ الثانی اور والدہ شیخہ موزہ بنت ناصر سے بھی ملاقات کی اور امیر قطر کے والد کو جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔ 
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان قطر کے ساتھ باہمی اعتماد اور مستقل حمایت کی مضبوط بنیادوں پر قائم اپنے دیرینہ اور دوستانہ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے جبکہ انہوں نے قطر کے ویژن 2030 کے حوالے سے پاکستان کے تعاون کا یقین دلایا۔ 
وزیر اعظم نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو بلند کرنے میں شیخ حمد بن خلیفہ الثانی کی طرف سے ادا کئے گئے کردار کو سراہا اور ان کے دور میں پروان چڑھنے والے مضبوط تعلقات کو تسلیم کیا۔

مصنف کے بارے میں