بے روزگار افراد کے لیے خوشخبری حکومت نے اربوں روپے مالیت کے 14 ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دے دی

بے روزگار افراد کے لیے خوشخبری حکومت نے اربوں روپے مالیت کے 14 ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دے دی

اسلام آباد: سینٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی (سی ڈی ڈبلیو پی) نے تقریباً 140 ارب روپے مالیت کے 14 منصوبوں کی منظوری دے دی۔اے پی پی کے مطابق ان منصوبوں میں چین ۔ پاکستان اقتصادی راہداری کے راستوں کے ساتھ 108 ارب روپے مالیت کے ہائی ویز کے تین منصوبے بھی شامل ہیں۔

یہ منظوری اسلام آباد میں منصوبہ بندی اور ترقیات کے وزیر احسن اقبال کی زیر صدارت اجلاس میں دی گئی۔

سینٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی نے 131 ارب روپے مالیت کے پانچ منصوبوں کی بھی منظوری دی، جو حتمی منظوری کے لیے قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی (ایکنک) کو بھجوا دیئے۔

ان منصوبوں میں بَسِمہ سے خضدار تک 106 کلومیٹر طویل دو رویہ ہائی وے، سی پیک کے مغربی روٹ پر یارک سے ژوب تک این 50 کو دو رویہ کرنے اور قراقرم ہائی وے کی بحالی کے منصوبے بھی شامل ہیں۔

اجلاس میں نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی کی ٹرانسمیشن لائن کو بہتر بنانے کے لیے 16 ارب 50 کروڑ روپے کی بھی منظوری دی گئی۔

اجلاس نے وزیراعظم ہاؤس میں کانفرنس ہال اور ایف بی آر کے پرائیویٹ کلاؤڈ ڈیٹا سینٹر تعمیر کرنے کی بھی منظوری دی۔

ورکنگ پارٹی نے سی پیک روٹ کے ساتھ آئی بی کے دفتر کی تعمیر اور محکمہ موسمیات کے پیشگی اطلاع دینے کے نظام کو مضبوط بنانے کی بھی منظوری دی۔