پاکستان خودمختار ملک ہے ، اسے دوسروں سے نوٹس لینے کی ضرورت نہیں، رضا ربانی

پاکستان خودمختار ملک ہے ، اسے دوسروں سے نوٹس لینے کی ضرورت نہیں، رضا ربانی

اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ رضا ربانی کاکہنا ہے کہ پاکستان ایک خودمختار ملک ہے اور اسے کسی دوسرے ملک سے نوٹس لینے کی ضرورت نہیں۔
اسلام آباد میں 6 ملکی اسپیکرز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے کہا کہ امریکا بھارت کو خطے کا تھانیدار بنا رہا ہے اور جب تک بھارت برابری کی بنیاد پر بات نہیں کرتا خطے میں امن نہیں ہوسکتا۔انہوں نے کہا کہ امریکی صدر نے افغانستان کے لیے نئی پالیسی کا اعلان کیا جس میں ان کی افغانستان میں شکست نظرآئی، لیکن امریکا افغانستان میں ناکامی کی ذمے داری پاکستان پر ڈال رہا ہے اور اس نے دہشت گردی کے خلاف پاکستانی قربانیوں کو بھی فراموش کردیا۔
چیرمین سینیٹ کا کہنا تھا کہ پاکستان کو کسی دوسرے ملک سے نوٹس لینے کی ضرورت نہیں، پاکستان اپنی سالمیت پر ہرگز سمجھوتا نہیں کرے گا، وقت آگیا ایشیا اپنی قسمت کے فیصلے خود کرے ورنہ تاریخ معاف نہیں کریگی، سپر پاورز کی خواہشات کے برعکس واقعات تنازعات بن جاتے ہیں، بیت المقدس سے متعلق امریکی فیصلہ سمجھ سے بالاتر ہے، دنیا نے بیت المقدس سے متعلق امریکی فیصلہ قبول نہیں کیا۔