عمران خان سے زیادہ تجربہ کار چیئرمین یونین کونسل ہے ، احسن اقبال

عمران خان سے زیادہ تجربہ کار چیئرمین یونین کونسل ہے ، احسن اقبال

لاہور: وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ حکومتیں چلانا اناڑیوں کا کام نہیں اور عمران خان سے زیادہ تجربہ کار چیئرمین یونین کونسل ہے تو 20 کروڑ عوام کا ملک عمران خان کے ہاتھ میں کیسے دے دیں۔
لاہور میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی حفاظت اور ترقی پاکستانی قوم کرے گی، حکومتیں چلانا اناڑیوں کا کام نہیں جب کہ نواز شریف اور ٹیم کا تجربہ تھا کہ آج سی پیک سے پاکستان کو توجہ کا مرکز بنا دیا۔70سال میں ایک بھی وزیراعظم مدت پوری نہیں کرسکا ، آج قوم کو انتشار کے بجائے اتحاد اور یکجہتی کی ضرورت ہے، امریکی صدر اور نائب صدر پاکستان کو دھمکیاں دے رہے ہیں جب کہ یہاں ایک دوسرے کی ٹانگ کھینچنے کے لئے اے پی سی کی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے بدترین کرپشن کا الزام لگا کر شیرپاو¿ کو کابینہ سے نکالا، وہ بتائیں کیا اس وقت انہوں نے سچ بولا یا جب شیر پاو¿ کو دوبارہ حکومت میں شامل کیا تب سچ بولا گیا۔وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ سینیٹ الیکشن ہوگیا تو تحریک انصاف کا بھانڈا پھوٹ جائے گا، خیبرپختونخوا میں ان کے ایم پی ایز نے انہیں کہہ دیا ہے کہ وہ سینیٹ الیکشن میں اپنی مرضی کریں گے، عمران خان کو چیلنج کرتا ہوں کہ سینیٹ میں اپنے رکن سے ووٹ لے کر دکھائیں۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ 2013 میں کسی سے پوچھتے کہ ملک کا سب سے بڑا مسئلہ کیا ہے تو جواب ملتا بجلی یا دہشت گردی لیکن 2017 میں کوئی یہ نہیں کہےگا کہ بجلی اور دہشت گردی مسئلہ ہے۔آج کراچی میں امن ہے، بلوچستان میں پاکستان کے پرچم لہرا رہے ہیں لیکن 2013 میں 20،20 گھنٹے لوڈشیڈنگ ہوتی تھی، لوگ لالٹین اور موم بتیاں جلانے پر مجبور تھے جب کہ کارخانے کا مزدور بجلی نہ آنے کی وجہ سے جلاو¿ گھیراو¿ کر رہا تھا۔