احتساب کے نظام کو مزید مضبوط اور موثر بنائیں گے، وزیر اعظم عمران خان

احتساب کے نظام کو مزید مضبوط اور موثر بنائیں گے، وزیر اعظم عمران خان
کیپشن: فوٹو بشکریہ: عمران خان پی ٹی آئی انسٹاگرام اکائونٹ

 اسلام آباد :وزیر اعظم عمران خان نے احتساب عدالت سے نواز شریف کی سزا پر  ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ  آج کے فیصلے سے سچ سامنے آگیا ،عوام کا پیسہ بہت بے دردی سے لوٹا گیا ۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے پارٹی رہنماﺅں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 22سال قانون اور انصاف کیلئے جدو جہد کی ،اب احتساب کا عمل رکنے نہیں دینگے ،پچھلے دس سالوں میں ریکارڈ کرپشن کی گئی ،عوام کی خاطر 24 ہزار ارب روپے کے قرضے لیے گئے لیکن عوام کی حالت بُر ی سے بُر ی ہوتی گئی ۔

وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ان لوگوں نے بیرون ملک جائیدادیں بنا لیں اور عوام کو غریب سے غریب تر بنا دیا ،انہوں نے کہا احتساب کا عمل شروع ہو چکا ،اس نظام کو مزید مضبوط اور موثر بنائیں گے ،اس احتساب کو اب رکنے نہیں دینگے ،کیونکہ احتساب کا عمل ملکی ترقی کیلئے انتہائی ضروری ہے ۔