2020ء میں حکومت معیشت میں مزید بہتری لائے گی، وزیر اعظم

 2020ء میں حکومت معیشت میں مزید بہتری لائے گی، وزیر اعظم
کیپشن: Image Source: File Photo

اسلام آباد:  وزیراعظم عمران خان نے کہا  ہے کہ میرٹ کے نظام پر چل کر ہی ملک ترقی کی طرف جا سکتا ہے، اداروں میں اصلاحات کر کے مزید بہتری لائیں گے۔ 2019ء میں حکومت معیشت میں استحکام لائے، 2020ء میں حکومت معیشت میں مزید بہتری لائے گی اور  عوام کے لیے نوکریاں پیدا کرینگے۔

 
تفصیلات کے مطابق ، پاکستان پوسٹ کے ذریعے ترسیلات زر بھجوانے کی سکیم کا افتتاح کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا  کہ اوور سیز پاکستانی بیرون ملک محنت کرتے ہیں، ہمیں ان کی قدر کرنی چاہیے، اوور سیز پاکستانیوں کے مسائل اچھی طرح سمجھتا ہوں، بیرون ملک رہنے والے پاکستانی ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں۔۔

انہوں نے کہا  کہ گورنمنٹ لوگوں کے لیے ہوتی ہے جس کا کام عوام کے مسائل حل کرنا ہوتا ہے، جمہوریت اور بادشاہت میں بہت فرق ہوتا ہے، جمہوریت میں لوگوں کی خدمت کی جاتی ہے جبکہ بادشاہت میں صرف بادشاہت کی خدمت کی جاتی ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے ہماری حکومتوں نے اداروں کا مائنڈ سیٹ تبدیل نہیں کیا، سرکاری دفاتر میں جب لوگ کام کروانے جاتے ہیں تو وہاں سرکاری افسر کسی کا احسان سمجھ کر انہیں ڈیل کرتے تھے۔ پاکستان پوسٹ کی طرح عوام کیلئے آسانیاں پیدا کرنا چاہتے ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سرکاری سکولوں میں بھی سہولتیں لانا چاہتے ہیں جیسا پرائیویٹ اداروں میں طلبہ کو تعلیم دی جاتی ہے۔ لوگوں کا مائنڈ سیٹ بدلنے میں وقت لگے گا، لیکن یہ ہو جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ کابینہ کے اجلاس میں ہر وزیر سے پوچھتا ہوں کہ لوگوں کی آسانی کے لیے کوئی ایک کام کریں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ پولیس میں تھانے کلچر تبدیل کرنے کے لیے کوشاں ہیں، پنجاب میں جو نئے آئی جی آئے ہیں ان سے کہا ہے کہ پولیس کلچر بدلیں، کیسے ہوگا کہ عوام سمجھیں کہ تھانے عوام کی حفاظت کے لیے ہیں۔