گھریلو صارفین کی گیس کی طلب پوری کیوں نہیں ہو رہی؟ حماد اظہرنے بتا دیا

 گھریلو صارفین کی گیس کی طلب پوری کیوں نہیں ہو رہی؟ حماد اظہرنے بتا دیا

اسلام آباد:وفاقی وزیرحماد اظہرنے کہا ہے کہ سندھ ہائیکورٹ کے حکم امتناع کے باعث گھریلو صارفین کی گیس کی طلب پوری نہیں ہو رہی ہے۔ 

وفاقی وزیر حماد اظہر نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سردیوں میں گھریلو صارفین کی گیس طلب بڑھ جاتی ہے،سردیوں میں دیگر شعبوں کی گیس روک کر گھریلو صارفین کو فراہم کرتے ہیں،ٹیمیں گیس سپلائی مزید بہتر کرنے کیلئے محنت کر رہی ہیں۔انکا کہنا تھا کہ گیس کی سپلائی اتنی ہے جتنی زمین کے نیچے سے نکلتی ہے،ملک میں گیس کے ذخائر میں مسلسل کمی ہورہی ہے۔تاہم سسٹم میں گیس سپلائی کو بہتر کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔

وفاقی وزیرحماد اظہر نے کہا کہ ایک حد سے زیادہ سستی گیس سپلائی نہیں کرسکتے،باہر سے جو ایل این جی آتی ہے وہ بہت زیادہ مہنگی ہے، ایک کارگو 8 سے 10 ارب روپے کا آتا ہے،انہوں نے کہا کہ 10 سے 11 کارگو آنے ہیں،ابھی کارگو حاصل کرنے میں دقت ہورہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ 30 دسمبر کو ہماری سندھ ہائی کورٹ میں کیس کی سماعت ہے،وکلا سے کہا ہے وہ سندھ ہائیکورٹ کوبتائیں سندھ میں گھریلوصارفین کو گیس دینی ہے۔

خیال رہے کہ سندھ ہائی کورٹ نے رواں سال ایک حکم امتناع  کے باعث  سوئی سدرن گیس کمپنی کو عام صنعتوں اور کیپٹیو پاور پلانٹس کی گیس منقطع کرنے سے روک  دیا تھا۔