پاکستانی سفارتخانے میں امارات میں مقیم پاکستانی مسیحیوں کیلئے کرسمس پر تقریب 

پاکستانی سفارتخانے میں امارات میں مقیم پاکستانی مسیحیوں کیلئے کرسمس پر تقریب 
سورس: Twitter

ابوظہبی: پاکستانی سفارتخانے میں یواے ای میں مقیم پاکستانی مسیحیوں کے لیے کرسمس پر تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کی صدارت سفیر پاکستان فیصل نیاز ترمذی نے کی۔ 

پاکستانی سفارت خانے میں امن، محبت کے پیغام کو اجاگر کرتے کیلئے کرسمس منایا گیا۔ تقریب میں مسیحیوں سمیت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں ، کمیونٹی لیڈرز اور مختلف گرجا گھروں کے پادریوں نے شرکت کی۔

سفیر پاکستان نے اس موقع پر خطاب کرتے کہا کہ ہمارے قومی پرچم میں سفید رنگ تمام شعبوں میں اقلیتوں کے کردار کی نمائندگی کرتا ہے۔ پاکستان کی ترقی میں تمام لوگوں نے کردار ادا کیا ہے۔ ہم ایک کثیر العقیدہ، کثیر النسل معاشرہ ہیں۔ پاکستان ہاؤس سب کے لیے کھلا ہے ۔ 

انہوں نے کہا کہ میں نے کیتھولک اسکول میں تعلیم حاصل کی۔ عید، ایسٹر اور کرسمس اجتماعی طور پر منائی گئیں۔ ایسی اجتماعیت ہی پاکستان کو آگے لے جائے گی۔ یہ پاکستان کی قیادت کا وژن ہے۔بعد ازاں اس موقع پر کرسمس کا روایتی کیک کاٹا گیا۔

پادری ناصر تاج، رائل گوسپل اسمبلی آف گاڈ نے خطاب میں کہا کہ ہم دو سال سے زیادہ عرصے میں پہلی بار بغیر کسی پابندی کے جمع ہوں گے۔ کورونا نے ہم میں سے بیشتر کو الگ رکھا۔ لہذا ہم اس تقریب میں اکٹھے ہونے پر بہت خوش ہیں اور اس تہوار کو ایک ساتھ منائیں گے۔

پادری اختر مسیح ہولی فائر چرچ نے کہا کہ ہمارے تمام پیروکار بغیر کسی کورونا پابندیوں کے تہوار منانے کے منتظر ہیں۔ ہم اتوار کی سہ پہر کو کرسمس کا اجتماع منعقد کریں گے۔

پاکستان اقلیتی حقوق کمیشن کے جنرل سیکرٹری روحیل ظفر شاہی نے کہا کہ اس طرح کی تقریبات کا انعقاد بہت اہمیت کا حامل ہے۔اس طرح کے واقعات بھائی چارہ اور محبت پھیلانے میں مدد کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم ابوظہبی میں دیگر مقامات پر بھی تقریبات کی میزبانی کریں گے۔ آج کی تقریب پاکستانی حکومت کی جانب سے اقلیتوں کے لیے اٹھائے گئے مثبت اقدامات کی عکاسی ہے ۔انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات میں 50,000 سے زیادہ پاکستانی مسیحی ہیں۔

مصنف کے بارے میں