پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کو 17 رنز سے شکست دیکر پلے آف میں داخل

پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کو 17 رنز سے شکست دیکر پلے آف میں داخل

دبئی: پاکستان سپر لیگ میں پشاور زلمی اور لاہور قلندرز کے درمیان کھیلے گئے 16 ویں میچ میں پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کو   17 سے شکست دیدی۔ پشاور زلمی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 166 رنز بنائے ۔جواب میں لاہور کی ٹیم صرف 149 رنز بنا سکی ۔ لاہور کی ٹیم میں بڑے بڑے نام ایک بار پھر ناکام رہے۔لاہور قلندرز کے کپتان برینڈن میک کلم  ، فخر زمان ، عمر اکمل، محمد رضوان اور گرانٹ ایلیٹ ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہو سکے۔ ڈیلپورٹ نے 32، سنیل نارائن نے 21، عامر یامین نے 25 ،سہیل تنویز نے 35 یاسر شاہ نے 22 اور غلام مدثر نے 1 رنز اسکو ر کیا۔

قبل ازیں دبئی میں کھیلے گئے پی ایس ایل کے 16 ویں میچ میں پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

پشاورزلمی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ناقص آغاز کیا جب تمیم اقبال دوسرے اوور کی پہلی گیند پر صرف 5 رنز بنا کر عامر یامین کی گیند پر آؤٹ ہوئے تاہم محمد حفیظ نے مجموعے کو 59 رنز تک پہنچانے میں کردار ادا کیا لیکن ایک مرتبہ پھر بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے۔محمد حفیظ نے 13 رنز بنائے تھے تو یاسر شاہ نے ان کی وکٹیں اڑا دیں لیکن کامران اکمل نے ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو 12 ویں اوور میں 94 رنز تک پہنچایااور اس دوران اپنی نصف سنچری بھی مکمل کی۔کامران اکمل 9 چوکوں کی مدد سے 58 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جو پشاور زلمی کی گرنے والی تیسری وکٹ تھی۔پشاورزلمی کی چوتھی وکٹ 132 رنز پر گری جب سیمولز 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، سیمولز اور شکیب کے درمیان 38 رنز کی شراکت ہوئی۔شاہد آفریدی 147 کے اسکور پر 10 رنز بنا کر غلام مدثر اور محمد رضوان کے گٹھ جوڑ کا نشانہ بن کر پویلین واپس لوٹ گئے تاہم شکیب الحسن نے بہترین بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 30 رنز بنائے۔پشاورزلمی نے مقررہ اوورز کے اختتام پر 6 وکٹوں کے نقصان پر 166 رنز بنا لیے۔کپتان ڈیرن سیمی17 اور وہاب ریاض صفر پر ناٹ آؤٹ رہے۔ لاہور قلندرز کی جانب سے یاسر شاہ نے سب سے زیادہ 2 وکٹیں حاصل کیں۔

شکیب الحسن کو آل راؤنڈ کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔