آپریشن ردالفساد اہم قدم ہے: چین

آپریشن ردالفساد اہم قدم ہے: چین

بیجنگ : چینی وزارت خارجہ کے ترجمان گنگ شوانگ نے پاکستان میں جاری دہشت گردی کے خلاف شروع کیے جانے والے آپریشن ردالفسادپر تبصرہ کرتے ہوئے اسے دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے اہم قدم قرار دیا ہے۔

ترجمان چینی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ حکومت، فوج اور عوام کی مشترکہ کوششوں سے پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فتح حاصل کرے گا۔ان کا کہنا تھا کہ حالیہ برسوں کے دوران کیے جانے والے آپریشنز میں پاکستان نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے بھرپور کارروائیاں کر کے اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ترجمان کا کہنا تھا کہ چین پاکستان میں ہونے والے حالیہ دہشت گرد حملوں سے با خبرہے، ان حملوں میں جاں بحق اور زخمی ہونے والوں اور ان کے گھر والوں سے گہری ہمدردی و افسوس کا اظہار کرتا ہے۔

ترجمان نے یہ بھی کہا کہ چین پاکستان میں دہشت گردی کے خاتمے، قومی سلامتی اور عوام کی جان و مال کی تحفظ کی کوششوں میں پاکستانی حکومت کی حمایت جاری رکھے گا۔گنگ شوانگ نے امید ظاہر کی کہ پاکستانی حکومت، فوج اور عوام کی مشترکہ کوششوں سے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فتح حاصل ہوگی.