ملتان سلطان کی دوسری کامیابی، لاہور کو 43 رنز سے شکست

ملتان سلطان کی دوسری کامیابی، لاہور کو 43 رنز سے شکست

دبئی: (دنیا نیوز) پاکستان سپر لیگ تھری کے تیسرے میچ میں لاہور قلندر کو جیت کیلئے 180 رنز کا ہدف درکار تھا تاہم اس کے بلے باز اچھی کارکردگی نہ دکھا سکے اور صرف 136 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

دبئی میں کھیلے گئے ٹی ٹونٹی میچ میں لاہور قلندرز کی پوری ٹیم 136 پر آؤٹ ہو گئی۔ جنید خان کی ہیٹ ٹرک نے میچ کا لطف دوبالا کر دیا۔ 180 رنز کے ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز میدان میں اترے تو ایسا لگ رہا تھا کہ وہ اسے باآسانی حاصل کر لیں گے، اس امید کی بنیاد جارحانہ بلے بازی کیلئے مشہور فخر زمان تھے جنہوں نے چار چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 49 رنز کی شاندار اننگز کھیلی لیکن ان کے آؤٹ ہونے کے بعد قلندرز میچ میں واپس نہیں آ سکے۔

لاہور قلندرز کی جانب سے دیگر بلے بازوں میں نارائن 26، عمر اکمل 31 اور سہیل اختر 21 رنز بنا کر نمایاں رہے لیکن ان کے علاوہ کوئی اور بیٹسمین خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکا جس کی وجہ سے میچ قلندرز کے ہاتھ سے نکل گیا۔ یوں پوری ٹیم سترہ اعشاریہ دو اوورز میں 136 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، ملتان سلطانز نے 43 رنز سے اپنا دوسرا میچ جیت کر باقی ٹیموں کیلئے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔

ملتان سلطانز کی جانب سے ان کے باؤلرز نے بھی کمال کی گیند بازی کی جبکہ فلیڈرز نے بھی ان کا خوب ساتھ دیا۔ جنید خان اور عمران طاہر کے حصے میں تین ، تین وکٹیں آئیں جبکہ محمد عرفان اور پولارڈ نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل لاہور قلندر نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو ملتان سلطانز کی جانب سے کمار سنگاکارا اور احمد شہزاد بیٹنگ میدان میں اترے۔ دونوں بلے بازوں نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کے سکور کو آگے بڑھایا۔

پہلے میچ میں بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہونے والے احمد شہزاد نے اپنے بلے بازی سے شائقین کرکٹ کو خوب محظوظ کیا۔ انہوں نے 5 چوکوں کی مدد سے 38 رنز بنائے، تاہم اس کے بعد لیگ سائیڈ پر جانے والی گیند کو کھیلنے کی کوشش میں وہ اپنا کیچ دے بیٹھے۔ اس کے بعد صہیب مقصود آئے لیکن آتے ہی چلتے بنے، انہوں نے صرف 4 رنز بنائے۔

کماراسنگاکارا نے اس میچ میں بھی اپنی جارحانہ بلے بازی سے شائقین کرکٹ کو بہت محظوظ کیا۔ انہوں نے صرف 44 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 5 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 63 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ تاہم اس کے بعد وہ کیچ آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔
 

دوسری جانب ملتان سلطانز کے کپتان شعیب ملک نے بھی جارحانہ انداز اپناتے ہوئے قلندرز کے گیند بازوں کی خوب درگت بنائی۔ انہوں نے صرف 28 گیندوں کا سامنا کیا اور 3 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 48 رنز کی اننگز کھیلی۔ ملتان سلطانز نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 179 رنز بنائے تھے۔