نیب لاہور آفس کے باہر رینجرز کی اضافی کمپنی تعینات

نیب لاہور آفس کے باہر رینجرز کی اضافی کمپنی تعینات

لاہور: لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے سابق ڈائریکٹر جنرل احد چیمہ کی گرفتاری کے بعد پنجاب حکومت اور قومی احتساب بیورو میں تناؤ کے تناظر میں نیب لاہور آفس کی سیکیورٹی اور حفاظت کے لیے رینجرز کی ایک اضافی کمپنی تعینات کر دی گئی۔ نیب ذرائع کے مطابق رینجرز کی اضافی کمپنی چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کی درخواست پر تعینات کی گئی ہے۔

نیب آفس کے باہر گزشتہ شام ہی کو رینجرز اہلکار تعینات کر دیے گئے تھے تاہم کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے اور نیب آفس کی حفاظت کے لیے رینجرز کی اضافی نفری طلب کر لی گئی ہے۔ واضح رہے کہ نیب نے 21 فروری کو کارروائی کرتے ہوئے لاہور ڈویلمپنٹ اتھارٹی کے سابق ڈائریکٹر جنرل احد چیمہ کو آشیانہ اقبال ہاؤسنگ سوسائٹی کی 32 کنال اراضی غیر قانونی طور پر الاٹ کرنے اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزامات پر گرفتار کیا تھا۔

نیب حکام کی جانب سے اگلے ہی روز احد چیمہ کو عدالت میں پیش کیا گیا جس پر عدالت نے انہیں 11 روزہ جسمانی ریمانڈ پر حوالے کر دیا۔ تاہم احد چیمہ کی گرفتاری کے بعد پنجاب حکومت اور بیوروکریسی میں ہلچل دیکھی جا رہی ہے۔

احد چیمہ کی گرفتاری کے بعد کابینہ کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا گیا جب کہ صوبائی اسمبلی کے اجلاس کے دوران ہنگامہ آرائی ہوئی اور صوبے کے سول آفیسرز نے بھی ہنگامی اجلاس طلب کرتے ہوئے مذمتی قرارداد منظور کی تھی۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں