افغانستان کے مختلف حصوں میں حملے، 25 سے زائد فوجی ہلاک

افغانستان کے مختلف حصوں میں حملے، 25 سے زائد فوجی ہلاک

کابل: افغانستان میں حکام کے مطابق ملک کے مختلف حصوں میں طالبان کی جانب سے کیے جانے والے یکے بعد دیگرے حملوں میں اب تک کم از کم 25 فوجی ہلاک ہو گئے ہیں۔ حکام نے بتایا کہ افغانستان کے مغربی صوبے فرح میں ایک فوجی چوکی پر حملے کے نتیجے میں 22 فوجی جبکہ دارالحکومت کابل میں ایک خود کش بمار نے سخت حفاظتی حصار میں گھرے علاقے میں خود کو اڑا لیا جس کے نتیجے میں تین سیکورٹی اہلکار ہلاک ہو گئے۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق افغانستان کی وزارت داخلہ کے ترجمان نجیب دانش نے بتایا کہ افغانستان میں نیٹو مشن کے ہیڈ کوارٹر کے پاس ہونے والے حملے میں مرنے والوں کی شناخت نہیں ہو سکی ہے۔ اس کے علاوہ صوبے ہلمند میں شدت پسندوں نے دھماکہ خیز مواد سے بھری گاڑی ایک فوجی چوکی پر چڑھا دی جس کے نتیجے میں دو فوجی ہلاک ہوئے۔

افغانستان کی وزراتِ دفاع کے ترجمان دولت وزیری نے خبر رساں روئٹرز کو بتایا طالبان نے بڑی تعداد میں فوجی چوکی پر حملہ کیا جس میں ہمارے 18 فوجی ہلاک اور دو زخمی ہو گئے۔ واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے افغانستان کے لیے نئی امریکی پالیسی کے اعلان کے بعد سے افغانستان بھر میں طالبان کے حملوں میں شدت آئی ہے۔

گذشتہ ماہ کابل میں ہونے والے ایک حملے 100 سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے۔ اس سے ایک ہفتہ قبل حملہ آوروں نے شہر کے ایک اہم ہوٹل پر حملے میں چار امریکیوں سمیت 20 افراد کو ہلاک کر دیا تھا۔ افغانستان میں طالبان کے علاوہ خود کو دولت اسلامیہ کہلانے والی شدت پسند تنظیم کی کاروائیاں بھی جاری ہیں۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں