عالیہ بھٹ کی متنازعہ فلم کو ریلیز کی اجازت مل گئی

عالیہ بھٹ کی متنازعہ فلم کو ریلیز کی اجازت مل گئی
سورس:   فائل فوٹو

بھارتی اداکارہ عالیہ بھٹ کی متنازعہ فلم  گنگوبائی کاٹھیا واڑی  کی ریلیز کی تاریخ سامنے آگئی ۔

پچھلے دنوں مقامی عدالت نے فلم پر پابندی کی درخواست مسترد کردی تھی ۔

 اداکارہ عالیہ بھٹ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنی آنے والی فلم ’گنگو بائی کاٹھیاواری‘ کا پوسٹر شیئر کیا ہے اور ساتھ ہی بتایا ہے کہ ان کی فلم  30 جولائی کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔

خیال رہے کہ  سنجے لیلا بھنسالی کی یہ فلم 1960ءکی دہائی میں ممبئی کے علاقے کماٹھی پورا میں غیر قانونی پیشوں سے وابستہ خاتون گنگو بائی کی زندگی پر مبنی ہے اور اس کی کہانی ایس حسین زیدی کے تحریر کردہ ناول ’مافیا کوئنز آف ممبئی‘ سے لی گئی ہے۔

گزشتہ دنوں فلم پر پابندی عائد کرنے کے حوالے سے ممبئی کی ایک مقامی عدالت میں ایک شہری نے درخواست دائر کی تھی۔

ممبئی کی سول کورٹ نے فلم ' گنگو بائی کاٹھیا واڑی' کے خلاف درخواست گزار کی استدعا مستردکرتے ہوئے فلم کو ریلیز کرنے کی اجازت دی تھی۔

درخواست گزار بابوجی راؤجی شاہ نے خود کو گنگو بائی کا بیٹا قرار دیتے ہوئے عدالت سے استدعا کی تھی کہ ناول کے کچھ حصے ان کے حق رازداری، عزت نفس اور حق آزادی کی خلاف ورزی اور ہتک عزت پر مبنی ہیں اس لیے ناول ’مافیا کوئنز آف ممبئی‘ میں گنگوبائی کی زندگی سے متعلق اسباق کو حذف، ناول کی اشاعت و تقسیم پر مکمل پابندی اور اس ناول پر مبنی فلم کی ریلیز کو روکا جائے۔