ملتان: وزیراعلیٰ پنجا ب شہباز شریف نے کہا ہے کہ میٹرو منصوبے پرتنقید کرنے والوں کے تمام شک آج دورہوگئے،دھرنے دفن ہوچکے۔ انہوں نے کہا کہ سوئس بینکوں میں پڑا پیسا پاکستانیو سے پکار پکار کر کہہ رہا ہے کہ خدارا!!ہمیں یہاں سے لے جاؤﺅ۔
ملتان میں میٹرو بس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کا کہنا تھا کہ معیار کے اعتبار سے ملتان میٹرولاہورمیٹروسے زیادہ بہترہے، اس منصوبے کے ناقدین کے تمام شکوک وشبہات آج دور ہو گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاناما کیس کا فیصلہ کیا آئے گا یہ تو اللہ کی ذات جانتی ہے لیکن ملک میں سب سے زیادہ فیکٹریاں اگر ہیں تووہ الزامات کی فیکٹریاں ہیں،دھرنے اب دفن ہوچکے ،یہ لوگ پاکستان کا دھڑن تختہ کرنا چاہتے تھے۔
خادم اعلیٰ نے پیپلزپارٹی پر بھی الزامات کے گولے برسائے،این آئی سی ایل،رینٹل پاور اور نندی پور کرپشن اسکینڈل گنوائے اور کہا کہ7 ملین ڈالرز سوئس بینکوں میں پڑے ہیں، یہ پیسا چیخ چیخ کر کہہ رہا ہے کہ ہمیں یہاں سے لے جاؤ۔وزیراعلیٰ پنجاب نے میٹرو بس کی افتتاحی تقریب میں سینئر سیاست دان جاوید ہاشمی کی موجودگی پر خوشگوار حیرت کا اظہار کیا اور کہا کہ انہیں ہال میں دیکھ کر بہت خوشی ہوئی ۔