جاڑے نے ایک بارپھر رنگ جمالیا ملک میں کہیں تیز کہیں ہلکی بارش نے سردی کو جکڑ لیا

جاڑے نے ایک بارپھر رنگ جمالیا ملک میں کہیں تیز کہیں ہلکی بارش نے سردی کو جکڑ لیا

لاہور: کہیں تیز کہیں ہلکی بارش نے سردی کو جکڑ لیا ، جہاں بارشوں اور برفباری نے سردی کی شدت میں اضافہ کیا وہیں بیشتر علاقوں میں تباہی مچا دی، چمن میں برساتی نالے میں گاڑی گرنے سے ایک شخص جاں بحق اور تین زخمی ہو گئے۔ کوئٹہ میں جاری بارش سے کئی علاقے زیر آب آگئے ، موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ بارشوں اور برفباری کا یہ سلسلہ چار سے پانچ روز تک جاری رہے گا ۔

کہیں پہاڑوں پرگرتے روئی کے سفیدگالے  کہیں بوندا باندی، کہیں موسلادھاربارش  ہر سو ٹھٹھرتی سردی کا راج
ملک کے بیشترعلاقوں میں بارشوں اور پہاڑوں پر برف باری کا سلسلہ جاری ہے،  کوہساروں کی ملکہ نے ایک بار پھر برف کی دوشالہ اوڑھ لی،پہاڑوں پر آسمان سےروئی کے گالے گرنے کے حسین مناظر سے لطف اندوز ہونے سیاحوں کی بڑی تعداد نے مری کا رخ کر لیا ۔
راولپنڈی اور اسلام آباد میں وقفے وقفے سے جاری رم جھم نے سما ں باندھ رکھا ہے ،لاہور کےمختلف علاقوں میں بھی بوندا باندی نے سردی کی لہر میں مزید اضافہ کر دیا ،فیصل آباد اور سرگودہا میں بھی ٹھنڈی ہواؤں کے ساتھ آسمان سے موتی گرنے سے پارہ نیچے آگیا۔
ادھر بلوچستان کے مختلف شہروں میں موسلا دھار بارش نے تباہی مچادی ، نظام زندگی مفلوج ہو کررہ گیا،چمن میں برساتی ریلا اپنے ساتھ گاڑی بہا کر لے گیا ، نیو نیوز نے فوٹیج حاصل کر لی ، حادثے میں ایک شخص جان بحق اور 3 زخمی ہو ئے تھے۔

شہر قائد میں آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران بادل برسیں گے ،چیف میٹرولوجیسٹ عبدالرشید کا کہنا ہے کہ آج سے کراچی میں بارشوں کا امکان ہے۔ بارش کے باعث درجہ حرارت بھی گرے گا ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان، خیبرپختونخوا، فاٹا، اسلام آباد، پنجاب، گلگت بلتستان ،کشمیر میں مزید بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہوسکتی ہے۔

مصنف کے بارے میں