کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی ہر ممکن مدد کی ضرور ت ہے, پروفیسر حافظ محمد سعید

کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی ہر ممکن مدد کی ضرور ت ہے, پروفیسر حافظ محمد سعید

لاہور:  امیر جماعةالدعوة پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی ہر ممکن مددوحمایت کی ضرور ت ہے۔ حکومت پاکستان روایتی انداز چھوڑ کر کشمیر پاکستان کی شہ رگ والے قومی موقف پر کاربند رہے ۔26جنوری کو اسلام آباد میں ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس بہت اہمیت کی حامل ہے۔ ملک بھر کی مذہبی، سیاسی و کشمیری قیادت کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ 26جنوری سے پانچ فروری تک عشرہ کشمیر منایا جائے گا۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں جتنا زیادہ ظلم کر رہا ہے تحریک آزادی اسی قدر مضبوط ہو رہی ہے۔بھارتی فوج کی جانب سے پیلٹ گنوں کے استعمال سے معصوم بچوں اور نوجوانوں کی آنکھیں ضائع ہو رہی ہیں۔آج خواتین بھی بھرپور انداز میں جدوجہد آزادی میں حصہ لے رہی ہیں۔کشمیر کا ہر فرد انڈیا کے مقابلے میں میدان میں کھڑا ہے۔ بھارت سرکار نے نہتے کشمیریوں پر آٹھ لاکھ سے زیادہ بھارتی فوج مسلط کر رکھی ہے۔انڈیا کشمیریوں پر مظالم تر ک کرکے اپنی فوج مقبوضہ کشمیر سے نکالے وگرنہ اس کے بغیر خطہ میں امن کا قیام ممکن نہیں ہے۔ پاکستانی قوم کشمیریوں کی تحریک آزادی کا ہر ممکن ساتھ دیتی رہے گی۔انہوںنے کہاکہ کشمیر پاکستان کا حصہ ہے۔مظلوم کشمیریوں کو غاصب بھارت سے آزادی دلانے کیلئے حکومت عوامی جذبات کی ترجمانی کرے۔ مقبوضہ کشمیر میں مسلسل کرفیو، شہادتوں اورگرفتاریوں کے باوجود نہتے کشمیریوں کالازوال قربانیاں پیش کرنا لائق تحسین ہے۔پوری پاکستانی قوم مظلوم کشمیری عوام سے یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ بھارت ہندوستانی فوجیوں کو بسانے کے نام پر جموں کشمیر کی آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی کوششیں کر رہا ہے۔ جموں میں ہندو انتہاپسند تنظیموں کی کھلے عام مسلح ریلیاں نکال کر کشمیری مسلمانوں کو ہجرت پر مجبور کیا جارہا ہے۔ حکومت پاکستان اس سلسلہ میں بھی عالمی سطح پر بھرپور آواز بلند کرے۔انہوںنے کہاکہ نریندر مودی کی طرف سے پاکستان کا پانی بند کرنے کی دھمکیاں سندھ طاس معاہدہ کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔ حکومت پاکستان دنیا بھر میں اپنے سفارت خانوں کو متحرک اوربین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ معاہدوں کی خلاف ورزی پر مبنی انڈیا کے گھنائونے کردار کو بے نقاب کرے۔ حافظ محمد سعید نے کہاکہ کشمیر کسی صورت انڈیا کا حصّہ نہیں رہ سکتا۔ خونی لکیر جلد ٹوٹ جائیگی۔ ہم اپنے کشمیری بھائیوں کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے اور مظلوم کشمیریوں کی غاصب بھارت سے آزادی کیلئے ہر ممکن کوششوں کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔