اسحاق ڈار کے ہجویری ٹرسٹ اور ہجویری فاؤنڈیشن کے اکاؤنٹس جزوی طور پر بحال

اسحاق ڈار کے ہجویری ٹرسٹ اور ہجویری فاؤنڈیشن کے اکاؤنٹس جزوی طور پر بحال

اسلام آباد: مشکلات میں گھرے اسحاق ڈار کیلئے اچھی خبر  آ گئی ۔ احتساب عدالت نے فلاحی ادارے ہجویری ٹرسٹ اور ہجویری فاؤنڈیشن کے اکاؤنٹس جزوی طور پر بحال کر دیئے ۔ نیب پراسیکیوٹر کہتے ہیں ہجویری ٹرسٹ میں یتیم بچے رہتے ہیں ۔ نہیں چاہتے کہ بچوں کی کفالت رُک جائے۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت میں اسحاق ڈارکے فلاحی اداروں کے اکاونٹس بحال کرنے سےمتعلق کیس کی سماعت ہوئی جس میں  اسحاق ڈار کے وکیل نے دلائل دیئے کہ ہجویری فاؤنڈیشن کے زیراہتمام کئی فلاحی ادارے چلتے ہیں۔ بچوں کی کفالت کیلئے ماہانہ آٹھ سے دس لاکھ درکار ہوتے ہیں۔ اکاونٹس بحال نہ ہوئے تو بچے سڑک پر آجائیں گے ۔

نیب نے مؤقف اختیار کیا کہ یہ حقیقت ہے کہ ہجویری ٹرسٹ میں یتیم بچے رہتے ہیں تاہم یہ بھی حقیقت ہے کہ ادارے کا غلط استعمال کیا گیا ۔عدالتی نگرانی میں اخراجات کیے جائیں توبچوں کی کفالت پراعتراض نہیں۔

عدالت نے دلائل مکمل ہونےکےبعد اسحاق ڈار کے فلاحی اداروں کے اکاؤنٹس جزوی طور پر بحال کرتے ہوئے قرار دیا کہ ہجویری ٹرسٹ اور ہجویری فاؤنڈیشن کے تحت چلنے والے فلاح و بہبود کے منصوبوں پر رقم خرچ کی جا سکتی ہے ۔فاضل جج محمد بشیر نے ریمارکس دیئے کہ کوئی قدغن نہیں لگا سکتے۔ دیکھنا ہو گا طریقہ کار کیا طے کیا جائے۔