ملزم کے گھر والے زینب کے قتل میں برابر کے شریک ہیں ، والدین

ملزم کے گھر والے زینب کے قتل میں برابر کے شریک ہیں ، والدین

قصور : انسانی درندگی کا نشانہ بننے والی مقتولہ ننھی زینب کے والدین نے ملزم عمران کے گھر والوں کو بھی گرفتار کرنے کا مطالبہ کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران زینب کے قتل میں اکیلا ملوث نہیں، اس کے گھر والے بھی جرم میں برابر کے شریک ہیں ۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے زینب کے والدین نے ملزم کو سرعام سزائے موت دینے اور سنگ سار کرنے کا مطالبہ کیا۔زینب کے والد محمد امین نے کہا کہ ملزم نے زینب کو 5 دن اپنے گھر میں رکھنے کا اعتراف کیا، کیسے ممکن ہے کہ عمران کے اہلخانہ کو زینب کے بارے میں علم نہ ہو۔محمد امین کا کہنا تھا کہ گرفتار عمران زینب کے قتل میں اکیلا ملوث نہیں، اس کے گھر والے بھی جرم میں برابر کے شریک ہیں اور جن لوگوں نے بچی کو گھر میں چھپانے میں مدد کی وہ بھی ملزم ہیں۔
واضح رہے کہ پولیس نے گزشتہ روز زینب کے قاتل عمران علی کی گرفتاری ظاہر کی جس کا باضابطہ اعلان وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے کیا۔