حکومت کا 25 جنوری سے مسئلہ کشمیر سے متعلق خصوصی مہم شروع کرنے کا فیصلہ

حکومت کا 25 جنوری سے مسئلہ کشمیر سے متعلق خصوصی مہم شروع کرنے کا فیصلہ
کیپشن: ہم نے حق خود ارادیت تک مقبوضہ کشمیر کے معاملے کو ہر فورم پر اٹھانے کا تہیہ کیا ہے، حکومت۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر حکومت نے 25 جنوری سے مقبوضہ کشمیر سے متعلق خصوصی مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ تمام ترچیلنجز کے باوجود پاکستان کشمیریوں کا مقدمہ مؤثر طریقے سے لڑ رہا ہے، پاکستان ہر حالت میں کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہے اور کشمیری بھی ہرگز پاکستان سے مایوس نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے حق خود ارادیت تک مقبوضہ کشمیر کے معاملے کو ہر فورم پر اٹھانے کا تہیہ کیا ہے، اس سلسلے میں ہم 25 جنوری سے میڈیا میں مہم چلانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اس سلسلے میں 27 جنوری کو اسلام آباد نیشنل کونسل آف آرٹس میں کلچرل شو منعقد ہوگا،28 جنوری کو مظلوم کشمیریوں پر ہونے والے مظالم کے حوالے سے تصویری نمائش ہو گی جب کہ 30 جنوری کو اسلام آباد میں ایک سیمینار منعقد ہو گا۔

وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ 3 فروری کو اسلام آباد کنونشن سینٹر میں کشمیر کے حوالے سے خصوصی تقریب منعقد ہوگی جب کہ 4 فروری کو ایوان صدر میں کشمیر کے حوالے سے تقریب ہو گی۔

5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے انہوں نے بتایاکہ 5 فروری کو انسانی زنجیر بنائی جائے گی اور پورے ملک میں کشمیر ریلیاں نکالی جائیں گی جب کہ چاروں صوبوں کے وزرائے اعلٰی کشمیر یکجہتی ریلیوں کی خود قیادت کریں گے۔

5 فروری کو ہی  وزیر اعظم عمران خان آزاد کشمیر کی پارلیمنٹ سے خطاب کے بعد میر پور آزاد کشمیر میں عوامی اجتماع سے بھی خطاب کریں گے۔

انہوں نے بتایا کہ وزارت خارجہ نے پاکستان کے تمام سفارتی مشنزکو ہدایات دے دی ہیں جس کے تحت ہر سفارتی مشن 5 فروری کو کشمیر کے حوالے سے تقریب منعقد کرائے گا اور کشمیر کے حوالے سے حقائق سے آگاہ کرے گا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ فیصلہ ہوا ہے کہ صدر اور وزیراعظم آزاد کشمیر مختلف سربراہوں کو خطوط لکھیں گے اور انہیں اپنا کردار ادا کرنے کا کہیں گے۔