کھوکھر برادران سے سواارب مالیت کی سرکاری زمین واگزار

کھوکھر برادران سے سواارب مالیت کی سرکاری زمین واگزار
سورس: File photo

لاہور، وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ  پنجاب حکومت  کھوکھربرادران سے سوا ارب روپے مالیت کی سرکاری زمین واگزارکراچکی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ  لاہور میں کسی سیاسی دباؤ کے بغیر قبضہ مافیا کے خلاف آپریشن کیا گیا جس کی نگرانی خود وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کی اور  جہاں بھی سرکاری اراضی قبضہ مافیا کے پاس تھی اسے واگزار کرایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ  کھوکھربرادران سے سوا ارب روپے مالیت کی سرکاری زمین واگزارکرائی گئی ہے، قبضہ مافیا کا یہ گروہ جعلی راجکماری کو پچاس پچاس لاکھ روپے کے پرس گفٹ کرتا رہا۔ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ قوم کو گمراہ کرنے کا کوئی موقع نہیں چھوڑتی، ن لیگ قبضہ مافیا کی پشت پناہی کرتی تھی۔

فردوس عاشق اعوان نے ن لیگ کے رہنماؤں پر مشتمل 50 افراد کی فہرست بھی میڈیا کے سامنے پیش کی اور الزام لگایا کہ مختلف شہروں میں ان افراد نے سرکاری زمینوں پر قبضہ کررکھا ہے۔

یاد رہے کہ لاہور کی ضلعی انتظامیہ نے کھوکھر پیلس کے ارد گرد آپریشن مکمل کرکے 38کنال زمین واگزار کرا لی جبکہ ضلعی انتظامیہ کا دعویٰ ہےکہ اس زمین پرغیرقانونی قبضہ کیا گیا تھا۔