مریم نواز کا موجودہ بحران سے نکلنے کیلئے بلاول بھٹو سے رابطے کا فیصلہ

مریم نواز کا موجودہ بحران سے نکلنے کیلئے بلاول بھٹو سے رابطے کا فیصلہ

اسلام آباد: پاناما کیس میں بحران سے نکلنے کے لئے مریم نواز نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے رابطے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ سیاسی تاریخ میں مریم نواز کا بلاول بھٹو سے پہلا رابطہ ہو گا۔ انتہائی معتبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ مریم نواز کو خصوصی مشیروں نے مشورہ دیا ہے کہ پاناما کیس سے پیچھا چھڑانے کے لئے وہ بلاول بھٹو زرداری سے رابطہ کر کے ان سے موجودہ بحران سے نکلنے کے لئے مدد مانگیں۔

مشورہ پر مریم نواز نے اپنے والد وزیراعظم نواز شریف سے مشاورت اور اجازت کے بعد بلاول سے رابطہ کرنے کی حامی بھر لی ہے۔ ذرائع کے مطابق مریم نواز نے اپنے رفقاء سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں امید ہے کہ بلاول بھٹو زرداری جمہوریت کی بقاء کی خاطر انہیں مایوس نہیں کریں گے۔

دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی اپنے رفقاء سے مشورہ کیا ہے کہ اگر سیاسی تاریخ میں پہلی مرتبہ مریم نواز نے رابطہ کر لیا تو وہ ایسا پیغام دینا چاہتے ہیں جو کہ جمہوریت کے حسن کو مزید دوبالا کرے اور رہتی سیاست تک ملک کی دو نامور جماعتوں کے نئے ابھرتے ہوئے سیاستدان پہلے رابطے پر جمہوریت کے لئے اچھا شگون دیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سالگرہ پر مریم نواز نے ”ہیپی برتھ ڈے بھائی“ کہہ کر مبارکباد دی تھی  تو دوسری جانب بلاول بھٹو نے”تھینکس بہن“ کہہ کر جواب دیا جو کہ ادب و احترام کے رشتہ کی پہلی سیڑھی پر دونوں جانب ایک ایک قدم دیکھا گیا۔

(یہ خبر آج روزنامہ نئی بات میں بھی شائع ہو چکی ہے)

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں