لاہور دھماکے میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل کا سراغ لگا لیا گیا

لاہور دھماکے میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل کا سراغ لگا لیا گیا

لاہور :فیروز پور روڈ پر ارفع کریم ٹاور کے قریب زوردار دھماکے کے نتیجے میں 8 پولیس اہلکاروں سمیت 26 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 57 افراد شدید زخمی ہو گئے ۔دھماکے کی آواز دور دور تک سنائی دی اور جائے وقوعہ پر لاشے بکھر گئے۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں اور فوجی دستے موقع پر پہنچے۔لاشوں اور زخمیوں کو فوری اسپتالوں میں منتقل کیا گیا.


 عینی شاہدین کے مطابق پولیس ناکے کے قریب ایک موٹرسائیکل آکر رکی جس کے بعد زوردار دھماکا ہوگیا اور وہاں کھڑی گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں میں آگ لگ گئی۔ موٹرسائیکل کے مالک کا سراغ لگالیا گیا ہے جس کا ماڈل 2017 کا ہے جو لاہور کے رہائشی عثمان علی کے نام پر رجسٹرڈ ہے۔  

ڈی آئی جی آپریشنز حیدر اشرف نے بتایا کہ دہشت گردوں نے پولیس اہلکاروں کوٹارگٹ بنایا .جائے وقوعہ پر موجود گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کے پرخچے اڑ گئے.ارفع کریم ٹاوربھی لرز اٹھا.کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے.سکیورٹی اداروں نے ممکنہ خدشات کے پیش نظرجائے دھماکا سے شہریوں کو دور ہٹا دیا.علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا.

اظہار مذمت

وزیراعلی پنجاب شہباز شریف نے ارفع کریم ٹاور کے قریب سبزی منڈی میں دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کی۔ انہوں نے زخمی ہونے والے افراد کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے پنجاب پولیس حکام سے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لاہور میں ہونے والے اس دھماکے میں شدید الفاظ میں مذمت کی۔انہوں نے کہا کہ قیمتی جانوں کے ضیاع پر بہت افسوس ہے۔آرمی چیف نے  فوجی دستوں کوبھرپورامدادی کارروائیوں کی ہدایت کر دی ۔

وزیراعظم نواز شریف نے بھی اس دھماکے کی مذمت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں غمزدہ خاندانوں کےساتھ ہیں.وزیراعظم نوازشریف نے زخمیوں کوبہترین طبی سہولیات فراہم کرنےکی ہدایت کر دی ہے۔نواز شریف نے کہا کہ اللہ لواحقین کو صدمہ برداشت کرنے کی ہمت دے۔

 چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے لاہورمیں دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں