کراچی: ٹریفک پولیس اہلکاروں پر دہشت گردوں کا حملہ, ایک شہید، دوسرا زخمی

کراچی: ٹریفک پولیس اہلکاروں پر دہشت گردوں کا حملہ, ایک شہید، دوسرا زخمی

کراچی:  کورنگی میں 3 پولیس اہلکاروں کی دہشت گردوں کے حملے میں شہادت کے بعد تیسرے روز ٹریفک پولیس اہلکاروں کو الحسن اصفہانی روڈ پر نشانہ بنایاگیاہے اور حملے میں ایک ٹریفک پولیس اہلکار شہید جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔

پولیس کے مطابق ابوالحسن اصفہانی روڈ   پر   پیراڈائز   بیکری کے سامنے ٹریفک پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا  گیا۔ جاں بحق ٹریفک اہلکار کی شناخت محمد کریم کے نام سے ہوئی ہے جبکہ زخمی اہلکار کی شناخت محمد خان کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس نے بتایاہے کہ دونوں اہلکار ڈیوٹی پر مامورتھے جبکہ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے ٹریفک پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا۔ایک اہلکار کے پاس ایم پی فائیو رائفل تھی، جو دہشت گرد اپنے ساتھ لے گئے۔

پولیس کے مطابق جاں بحق اہلکار کو سر میں جبکہ زخمی اہلکار کے بازو میں گولیاں لگی ہیں جبکہ دونوں اہلکاروں نے بلٹ پروف جیکٹ پہن رکھی تھیں۔

آئی جی سندھ نے واقع کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی ایسٹ سے رپورٹ طلب کرلی ہے جبکہ انھوں نے وقوعہ میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیئے تمام تر اقدامات اٹھانے کی بھی ہدایت کی ہے۔ انھوں نے یہ بھی ہدایت کی ہے کہ ملزمان کو پکڑنے کیلیے پولیس کی خصوصی ٹیمز کو اس حوالے سے ٹاسک دیا جائے۔

واضح رہے کہ جمعہ کو بھی کورنگی میں پولیس اہلکاروں کو دہشت گردوں نے نشانہ بنایاتھا جس میں3پولیس اہلکاروں سمیت 4افراد شہید ہوگئے تھے۔

مصنف کے بارے میں