نواز شریف کومستقل طبی نگرانی کی اشد ضرورت ہے، میڈیکل بورڈ

نواز شریف کومستقل طبی نگرانی کی اشد ضرورت ہے، میڈیکل بورڈ
کیپشن: میڈیکل بورڈ نے نواز شریف کی ایک دوائی تبدیل کرنے کی بھی سفارش کی ہے۔۔۔۔فائل فوٹو

راولپنڈی: میڈیکل بورڈ نے سفارش کی ہے کہ اڈیالہ جیل میں قید سابق وزیراعظم نواز شریف کومستقل طبی نگرانی کی اشد ضرورت ہے۔ دوسری جانب میڈیکل بورڈ نے نواز شریف کی ایک دوائی تبدیل کرنے کی بھی سفارش کی ہے۔

پمز اسپتال کے میڈیکل بورڈ نے آج اڈیالہ جیل میں نواز شریف کا ایکو، بلڈ اور شوگر ٹیسٹ کے ساتھ بلڈپریشر بھی چیک کیا گیا۔ 

مزید پڑھیں: چیف الیکشن کمشنر کی عوام سے ووٹ کاسٹ کرنے کی اپیل

واضح رہے کہ پرسوں رات اڈیالہ جیل میں نواز شریف کی طبیعت خراب ہونے پر ڈاکٹر اظہر کیانی اور ڈاکٹر حامد شریف خان نے ان کا طبی معائنہ کیا جس کے بعد ڈاکٹرز نے انہیں اسپتال منتقل کرنے کی تجویز دی تاہم سابق وزیراعظم نے جیل میں ہی درکار طبی سہولیات فراہم کرنے پر اصرار کرتے ہوئے اسپتال منتقل ہونے سے انکار کر دیا تھا۔

جیل میں ہونے والے طبی معائنے کے بعد میڈیکل رپورٹ کے مطابق زیادہ پسینے کی وجہ سے نواز شریف کے جسم میں پانی کی کمی واقع ہو گئی ہے جبکہ گرمی اور کم نیند نے بھی ان کی صحت کو متاثر کیا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ نواز شریف کے جسم میں پانی کی کمی کے باعث گردے فیل ہونے کا خدشہ ہے اور اگر صورتحال میں بہتری نہ آئی تو ان کے دل کا مرض بڑھ سکتا ہے۔

میڈیکل رپورٹ میں تجویز دی گئی تھی کہ صورتحال کے پیش نظر نواز شریف کو راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی منتقل کیا جائے۔ جس کے بعد آئی جی جیل خانہ جات کی درخواست پر پمز اسپتال کا ایک 5 رکنی میڈیکل بورڈ تشکیل دیا گیا، جس نے گزشتہ روز 2 گھنٹے سے زائد وقت تک نواز شریف کا طبی معائنہ کیا۔

پمز اسپتال کے میڈیکل بورڈ کے انچارج ڈاکٹر اعجاز قدیر ہیں جبکہ بورڈ کے دیگر ارکان میں ڈاکٹر شجیع صدیقی، ڈاکٹر نعیم ملک، ڈاکٹر سہیل تنویر اور ڈاکٹر مشہود شامل ہیں۔

یہ خبر بھی پڑھیں: عمر کوٹ، جیپ سے جعلی بیلٹ پیپرز برآمد، 5 ملزمان گرفتار

یاد رہے کہ 6 جولائی کو احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کو مجموعی طور پر 11 سال اور 80 لاکھ پاؤنڈ جرمانہ، ان کی صاحبزادی مریم نواز کو 8 سال قید اور 20 لاکھ پاؤنڈ جرمانہ جبکہ داماد کیپٹن (ر) صفدر کو ایک سال قید کی سزا سنائی تھی۔

 

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں