این اے 60 کے انتخاب کا التوا، شیخ رشید کی اپیل مسترد

این اے 60 کے انتخاب کا التوا، شیخ رشید کی اپیل مسترد
کیپشن: حنیف عباسی کو عمر قید کی سزا کے بعد الیکشن کمیشن نے حلقے میں انتخاب ملتوی کر دیا تھا۔۔۔فائل فوٹو

لاہور: سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں درخواست پر سماعت ہوئی۔

شیخ رشید کے وکیل نے دلائل میں مؤقف اختیار کیا کہ کسی امیدوار کو سزا ہونے کی صورت میں الیکشن ملتوی نہیں ہوتے جیسے مریم اور صفدر کو سزا ہوئی لیکن اس حلقے میں الیکشن ہو رہے ہیں اسی طرح حنیف عباسی کو سزا دی گئی اس پر الیکشن ملتوی کرنا جائز نہیں۔

شیخ رشید کے وکیل نے استدعا کی کہ جس طرح باقی حلقوں میں الیکشن ہو رہے ہیں عدالت این اے 60 میں بھی الیکشن کا حکم جاری کرے اور الیکشن کمیشن کا حکم مسترد کر دے۔

عدالت نے شیخ رشید کے وکیل کی استدعا مسترد کر دی اور این اے 60 میں انتخابات پر کوئی حکم امتناع بھی جاری نہیں کیا۔عدالت نے شیخ رشید کے وکیل کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ سناتے ہوئے انتخاب کے التوا کے خلاف دائر درخواست کو مسترد کر دیا۔

مزید پڑھیں: حق اور سچ کے لئے آواز بلند کریں ہوسکتا ہے آپ اکیلے رہ جائیں:جسٹس شوکت صدیقی

یاد رہے کہ حلقہ این اے 60 سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار حنیف عباسی کو ایفیڈرین کیس عمر قید کی سزا کے بعد الیکشن کمیشن نے حلقے میں انتخاب ملتوی کردیا تھا جسے شیخ رشید نے گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے راولپنڈی بینچ میں چیلنج کیا اور ساتھ ہی انہوں نے سپریم کورٹ میں بھی درخواست جمع کرائی۔

بعدازاں لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ کے جسٹس مجاہد مستقیم نے الیکشن کمیشن کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے شیخ رشید کی درخواست مسترد کر دی تھی۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں