لاؤس میں زیر تعمیر ڈیم ٹوٹنے سے سینکڑوں لاپتہ، متعدد ہلاک

لاؤس میں زیر تعمیر ڈیم ٹوٹنے سے سینکڑوں لاپتہ، متعدد ہلاک
کیپشن: image by facebook

وینتائنے : لاؤس کے ریاستی میڈیا کے مطابق ملک کے جنوب مشرقی علاقے میں زیر تعمیر ڈیم ٹوٹنے سے سینکڑوں افراد لاپتہ اور متعدد افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

 اتاپیو صوبے میں پیر کو رات گئے ہائیڈرو الیکٹرک ڈیم ٹوٹنے سے سیلابی ریلے سے چھ دیہاتوں میں تباہی پھیلی ہے ۔ نیوز ایجنسی کے مطابق چھ ہزار سے زیادہ افراد بے گھر ہوئے ہیں۔

حکومت نے ڈیم تعمیر کرنے کا منصوبہ شروع کیا تاکہ لاؤس ایشیا کی بیٹری بن سکے ، لاؤس سے میکونگ دریا گزرتا ہے جو ہائیڈرو پاور کے لیے بہترین ہے ، لاؤس میں 39 ہائیڈرو پاور پلانٹ ہیں اور مزید 53 تعمیر کیے جا رہے ہیں۔

مزید پڑھیئے:ایران کا امریکیوں کو ہوش کے ناخن لینے کامشورہ
 
 
2020 تک لاؤس کا منصوبہ ہے کہ مزید 54 بجلی کی ترسیل کی لائنز اور سب سٹیشنز تعمیر کیے جائیں گے ۔ لاؤس اس وقت دو تہائی ہائیڈرو پاور برآمد کرتا ہے اور بجلی کی برآمد لاؤس کی برآمدات کا 30 فیصد بنتا ہے۔

اس سانحے میں متعدد افراد ہلاک ہوئے ہیں اور سینکڑوں لاپتہ ہیں،ابھی تک ڈیم کے ٹوٹنے کی وجہ واضح نہیں ہے۔ اس ڈیم کی تعمیر 2013 میں شروع ہوئی تھی اور رواں سال اس سے بجلی کی پیداوار کا آغاز ہونا تھا۔

اس پراجیکٹ میں شامل جنوبی کوریا کی کمپنی ایس کے انجینیئرنگ اینڈ کنسٹرکشن نے کہا ہے کہ وہ لوگوں کے انخلا میں مدد کرنے کے لیے تیار ہے۔

لاؤس کے وزیر اعظم نے سرکاری مصروفیات ملتوی کر دی ہیں اور متاثرہ علاقے میں پہنچ گئے ہیں ، مقامی حکام نے سرکاری اور دیگر تنظیموں سے کپڑے، خوراک، پینے کے پانی اور ادویات کی اپیل کی ہے۔