انتخابات کے پیش نظر پاک،افغان سرحد 3 روز کیلئے بند

انتخابات کے پیش نظر پاک،افغان سرحد 3 روز کیلئے بند
کیپشن: فوٹو سوشل میڈیا

چمن: ملک میں( کل )25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات کے دوران بلوچستان میں الیکشن کے پرامن انعقاد اور سیکیورٹی اقدامات کو یقینی بنانے کے لیے حکام نے چمن میں پاک، افغان سرحد کو 24 جولائی سے 26 جولائی تک 3 روز کے لیے بند کردیا۔

یہ بھی پڑھیں:دہشت گردی کی دھمکیاں اب بھی موصول ہورہی ہیں،سیکریٹری الیکشن کمیشن
  
 بلوچستان فرنٹئیر کور کے عہدیداروں کا کہنا تھا کہ انتخابات کے دوران کسی بھی افغان باشندے کو ملک  پاکستان میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ انتخابات کے دوران امن کی صورت حال کو برقرار رکھنے کے لیے سرحد کے دیگر علاقوں میں بھی سیکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے۔خیال رہے کہ انتخابات کے دوران افغان سرحد کے قریب بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللہ میں انٹرنیٹ سروس بھی معطل رہے گی جبکہ دیگر اضلاع آواران، خضدار، تربت اور دیگر حساس علاقوں میں بھی انٹرنیٹ سروس بدستور معطل رہے گی۔

یہ بھی پڑھیں:نواز شریف کی ڈیل کی جھوٹی خبروں کامقصد پارٹی ووٹرز کو پریشان کرنا ہے،مریم اورنگزیب
    

بلوچستان میں قائم 5 ہزار پولنگ اسٹیشنز میں سے ایک ہزار 768 پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس اور 768 کو حساس قرار دیا گیا ہے۔بلوچستان پولیس کے ڈی آئی جی رزاق چیمہ کا کہنا تھا کہ انتخابات کے دوران کوئٹہ اور اس کے اطراف میں سیکیورٹی کے لیے 6 ہزار 300 پولیس اہلکار اور 3 ہزار 500 ایف سی اہلکاروں کو تعینات کیا جائے گا۔انھوں نے کہا کہ شہر میں پولنگ کے عمل کی نگرانی کے لیے ڈی آئی جی کے دفتر میں کنٹرول روم بنایا گیا ہے۔بلوچستان کے شمالی اضلاع کے علاوہ انتخابات کے دوران امن وعامہ کو یقینی بنانے کے لیے 15 ہزار سے زائد ایف سی اہلکاروں کو تعینات کیا جائے گا جبکہ پولنگ اسٹیشنز کے باہر پولیس اور لیویزاہلکار بھی تعینات ہونگے ۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں