اداکارہ وماڈل کوئنا مترا کو6ماہ جیل اور 5لاکھ جرمانے کی سزا سنادی گئی

اداکارہ وماڈل کوئنا مترا کو6ماہ جیل اور 5لاکھ جرمانے کی سزا سنادی گئی
کیپشن: تصویر بشکریہ انسٹاگرام

ممبئی:بالی ووڈ اداکارہ و ماڈل کوئنا مترا کو ممبئی کی ایک عدالت نے قرض کے پیسے واپس نہ دینے اور دھوکہ دہی کے الزام میں کم سے کم 6 ماہ جیل اور تقریبا 5 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنادی۔

35 سالہ اداکارہ و ماڈل پر الزام تھا کہ انہوں نے 6 سال قبل ماڈل پونم سیٹھی سے 2013 میں 22 لاکھ روپے کا قرض لیا تھا، تاہم اسے واپس کرنے میں انہوں نے تاخیری حربے استعمال کیے۔

ممبئی مرر کے مطابق کوئنا مترا کو قرض کے پیسے واپس نہ کرنے اور قرض کی ادائیگی کے لیے جعلی چیک دینے پر ممبئی کی مقامی عدالت نے 6 ماہ جیل اور 4 لاکھ 61 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی۔رپورٹ کے مطابق کوئنا مترا کو جرمانے کے 4 لاکھ 61 ہزار روپے متاثرہ ماڈل پونم سیٹھی کو ادا کرنے پڑیں گے، جن سے انہوں نے 22 لاکھ روپے کا قرض لیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق کوئنا مترا نے لیے گئے 22 لاکھ روپے میں سے زیادہ تر قرض واپس کردیا تھا، تاہم ان کی جانب سے پونم سیٹھی کو قرض کی ادائیگی کے لیے دیا گیا چیک باؤنس ہوگیا تھا، جس پر پونم نے کوئنا کو نوٹس بھیجا تھا، تاہم کوئنا نے انہیں نوٹس کو جواب نہیں دیا تھا۔کوئنا مترا کی جانب سے نوٹس کا جواب نہ دیے جانے کے بعد پونم نے ان کے خلاف جولائی 2013 میں پولیس میں مقدمہ دائر کروایا تھا، جس کے بعد دونوں کا مقدمہ عدالت میں پہنچا۔

رپورٹ کے مطابق رواں ماہ کے آغاز میں ممبئی کی مقامی عدالت میں اسی کیس کی سماعت ہوئی، جس میں کوئنا مترا بھی پیش ہوئیں، تاہم عدالت نے ان کے دلائل کو تسلیم نہیں کیا اور انہیں سزا سنادی گئی۔