بالی ووڈ فلم میں ایک بہادر پولیس افسر بننا چاہتی ہوں، تاپسی پنو

بالی ووڈ فلم میں ایک بہادر پولیس افسر بننا چاہتی ہوں، تاپسی پنو

ممبئی:پنک سٹار تاپسی پنو یوں تو اپنی آنے والی فلم ’مشن منگل‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں اور جلد ہی ریلیز ہونے والی فلم ’سانڈ کی آنکھ‘ میں ایکشن میں دکھائی دیں گی۔


تاہم انہوں نے فلموں میں کرداروں کے حوالے سے اپنی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ہالی ووڈ سائنس فکشن سیریز ’اوینجرز‘ کی کسی فلم میں سپر ہیرو کا کردار ادا کرنا چاہتی ہیں۔ساتھ ہی تاپسی پنو نے کہا کہ ان کی شدید خواہش ہے کہ انہیں بالی ووڈ فلموں میں ایک بہادر اور ایماندار پولیس افسر کا کردار ملے۔

تاپسی پنو نے ”جگرن فلم فیسٹیول“ (جے ایف ایف) کے دہلی میں ہونے والے ایک سیشن میں بات کرتے ہوئے خواہش ظاہر کی کہ وہ ہولی وڈ فلم سیریز ’اوینجرز‘ میں سپر ہیرو کا کردار ادا کرنا چاہتی ہیں۔جگرن فلم فیسٹیول ہر سال بھارت کے ایک درجن سے زائد شہروں میں منعقد ہوتا ہے اور اس فیسٹیول کے دوران فلموں کی نمائش سمیت شوبز شخصیات کے ساتھ گفتگو کے سیشنز رکھے جاتے ہیں۔

فیسٹیول کے ابتدائی سیشنز میں بات کرتے ہوئے تاپسی پنو نے بتایا کہ وہ ’اوینجرز‘ میں کسی سپر ہیرو کا کردار ادا کرنے والے اداکار کی جگہ نہیں لینا چاہتیں بلکہ وہ چاہتی ہیں کہ اس سیریز میں ایک بھارتی سپر ہیرو کا کردار بھی رکھا جائے جسے وہ نبھائیں۔اداکارہ نے کھلے دل سے اعتراف کیا کہ ’اوینجرز‘ اور سائنس فکشن سیریز ان کی پسندیدہ فلمیں ہیں اور انہیں سپر ہیرو کا کردار ادا کرنے کی بہت خواہش ہے۔

تاپسی پنو کے مطابق اب تک ان کے کیریئر میں سپر ہیرو کا ہی وہ کردار رہ گیا ہے جو انہوں نے اب تک نہیں نبھایا۔تاپسی پنو نے ایونٹ میں مزید گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جہاں انہیں سپر ہیرو کا کردار ادا کرنے کی خواہش ہے، وہیں وہ بولی وڈ فلموں میں ایک بہادر اور ایماندر پولیس افسر کا کردار بھی نبھانا چاہتی ہیں۔