عمران خان نے تسلیم کیا کہ حکومت میڈیا کنٹرول کر رہی ہے، مریم اورنگزیب

عمران خان نے تسلیم کیا کہ حکومت میڈیا کنٹرول کر رہی ہے، مریم اورنگزیب
کیپشن: عمران صاحب مافیا چندوں سے بیرونِ ملک جائیدادیں خریدتی ہے، مریم اورنگزیب۔۔۔۔۔۔فوٹو/ ن لیگ فیس بُک پیج

لاہور: مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ ‎عمران صاحب نے تسلیم کر لیا کہ میڈیا ’قابو‘ سے باہر ہو جاتا ہے اور ان کی حکومت واچ ڈاگ کے ذریعے میڈیا کو کنٹرول کر رہی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر مریم اورنگزیب نے ایک بیان میں وزیر اعظم عمران خان کے امریکی تھنک ٹینک سے خطاب کے نکات کی مذمت کی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ عمران صاحب قدرت نے آپ سے ہر وہ بات کہلوائی جس پہ آپ نے نواز شریف کو غدار کہا اور آپ کی ایک ایک بات نے نوازشریف کو سُرخرو کیا۔

ترجمان ن لیگ نے کہا کہ عمران صاحب آپ نے پاکستان میں جانبداری کے الزامات لگا کر میڈیا کی ساکھ کو نقصان پہنچایا۔

انہوں نے کہا کہ ‎عمران صاحب نے کہا تھا کہ آزاد میڈیا کا انہیں فائدہ ہوا اور پھر میڈیا پر ’کرپٹ‘ اور ’مافیا‘ ہونے کا الزام لگا دیا۔ ‎عمران صاحب مافیا چندوں سے بیرونِ ملک جائیدادیں خریدتی ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران صاحب مافیا ایمنسٹی اسکیمز سے فائدہ اٹھاتی، 18 جعلی اکاؤنٹس چھپاتی، کمزوروں کے گھر گراتی اور اپنا گھر ریگولرائز کرا لیتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران صاحب مافیا وہ ہوتی ہے جو منتخب وزیر اعظم کے خلاف سازش کرتی ہے اور جو پاکستان کے دوست ممالک پر الزام لگاتی ہے۔

ن لیگ کی ترجمان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ‎عمران صاحب مافیا وہ ہوتی ہے جو ہر مخالف آواز کو بند کر دیتی ہے۔ مافیا وہ ہے جس نے عوام کی روٹی، کاروبار اور روزگار بند کر دیا ہے۔