شوگر ملز ایسوسی ایشن کی انٹرا کورٹ اپیل پر فیصلہ محفوظ

شوگر ملز ایسوسی ایشن کی انٹرا کورٹ اپیل پر فیصلہ محفوظ
کیپشن: عدالت نے مخدوم علی خان کو تحریری دلائل بدھ تک جمع کرانے کا حکم دے دیا۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے شوگر ملز ایسوسی ایشن کی انٹرا کورٹ اپیل پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامرفاروق اورجسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے شوگر ملز مالکان کی اپیل پر سماعت کی۔

سماعت کے دوران شوگر ملز کے وکیل مخدوم علی خان نے کمیشن تشکیل میں بے ضابطگیوں پردلائل دیے اور کہا کہ کسی بھی معاملے پر سمری کابینہ ڈویژن سے ہی بھیجی جاتی ہے۔

اس پر اٹارنی جنرل کا کہنا تھا کہ جس شعبے میں بحران پیدا ہوا اس سے متعلقہ وزارت انکوائری کی سمری بھیجتی ہے، ایسا تب ہوتا ہے جب تحقیقات کا فیصلہ متعلقہ وزارت نے کیا ہو لیکن اس بار چینی اسکینڈل کی تحقیقات کا فیصلہ وزیراعظم کا تھا۔

اٹارنی جنرل نے مزید کہا کہ وزیراعظم تحقیقات کے احکامات جاری کرنے کا اختیار رکھتے ہیں، یہ اعتراض درست نہیں کہ پہلے کوئی سمری بھیجی جانا ہی ضروری تھی۔

عدالت نے مخدوم علی خان کو مزید قانونی نکات پر تحریری دلائل بدھ تک جمع کرانے کا حکم دیا اور فیصلہ محفوظ کر لیا۔