ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ : جیولن تھرو میں بھارت کی دوسری پاکستان کی پانچویں پوزیشن 

ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ : جیولن تھرو میں بھارت کی دوسری پاکستان کی پانچویں پوزیشن 
سورس: File

واشنگٹن : امریکا میں جاری ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپیئن شپ کے جیولن تھرو ایونٹ کے فائنل مرحلے میں انڈیا کے نیرج چوپڑا نے چاندی کا تمغہ جیت لیا ہے جبکہ پاکستان کے ارشد ندیم نے پانچویں پوزیشن حاصل کی ہے۔

اولمپک چیمپیئن نیرج چوپڑا نے یہ تمغہ جیت کر عالمی ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں انڈیا کے لیے تاریخ رقم کی ہے۔

وہ نہ صرف ان عالمی مقابلوں میں چاندی کا تمغہ جیتنے والے پہلے انڈین بن گئے ہیں بلکہ انڈیا کا ان مقابلوں میں تمغہ جیتنے کا انتظار بھی 19 برس بعد ختم ہو گیا ہے۔ نیرج سے قبل انجو بوبی جارج نے 2003 میں خواتین کے لانگ جمپ مقابلے میں کانسی کا تمغہ جیتا تھا۔

نیرج چوپڑا کی اس کامیابی پر ان کی والدہ سروج دیوی نے خوشی کا اظہار کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’ہم بہت خوش ہیں کہ ان کی محنت رنگ لائی ہے۔ مجھے یقین تھا کہ وہ اس بار تمغہ ضرور جیتے گا۔‘

جیولن تھرو مقابلے کے فائنل میں گرینیڈا کے اینڈرسن پیٹرز نے 90.54 میٹر دور جیولین پھینک کر طلائی تمغہ حاصل کیا جبکہ نیرج چوپڑا نے اپنی چوتھی کوشش میں 88.13 میٹر فاصلے پر نیزہ پھینکا جو کہ چاندی کے تمغے کے لیے کافی ثابت ہوا۔

جمہوریہ چیک کے جیکوب واڈل کانسی کے تمغے کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔ انھوں نے اپنی بہترین کارکردگی 88.09 میٹر دور جیولن پھینک کر دکھائی۔

اس مقابلے میں پاکستان کے ارشد ندیم بھی شامل تھے۔ وہ پانچویں نمبر پر رہے اور ان کی بہترین تھرو 86.16 میٹر کی تھی جو رواں سیزن میں ان کی بہترین کارکردگی بھی ہے۔

مصنف کے بارے میں